توہین عدالت کی درخواست

رؤف حسن اور شعیب شاہین کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

ویب ڈیسک: عدلیہ اور ججز کو سکینڈلائز کرنے کے معاملہ پر پی ٹی آئی رہنماؤں رؤف حسن اور شعیب شاہین کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔
سپریم کورٹ میں درخواست میاں داد ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ، درخواست کے ساتھ رؤف حسن اور شعیب شاہین کے توہین آمیز انٹرویوز کے ٹرانسکرپٹس بھی منسلک ہیں۔
درخواستگزار میاں داد ایڈووکیٹ نے کہا کہ تحریک انصاف ایک منظم مہم کے تحت عدلیہ کو سکینڈلائز کر رہی ہے، رؤف حسن اور شعیب شاہین مجرمانہ منصوبے کے تحت ججز کو سکینڈلائز کر رہے ہیں۔
میاں داد نے کہا کہ رؤف حسن اور شعیب شاہین نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کیخلاف نازیبا زبان استعمال کی، رؤف حسن کا چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو ٹاؤٹ کہنا عدلیہ کو سکینڈلائز کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رؤف حسن نے بے بنیاد الزامات لگا کر چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی کو بھی سکینڈلائز کیا، تحریک انصاف کے دونوں رہنماؤں کے بیانات آئین کے آرٹیکل 204 کی خلاف ورزی ہیں۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف مجرمانہ منصوبے کے تحت عوام کے عدلیہ پر اعتماد کو تباہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کیخلاف تسلیم شدہ توہین عدالت پر کارروائی آگے نہیں بڑھائی، عمران خان کیخلاف کارروائی آگے نہ بڑھانے سے پی ٹی آئی کو توہین آمیز بیانات دینے کا حوصلہ ملا۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں رؤف حسن اور شعیب شاہین کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

مزید پڑھیں:  مشال اعظم یوسفزئی کی بطور معاون خصوصی تقرری کی منظوری