مراد سعید

ہتک عزت کیس: مراد سعید نے گزشتہ سماعتیں کالعدم قرار دینے کی درخواست کردی

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی رہنما مراد سعید نے احسن اقبال کی جانب سے ہتک عزت کیس میں گزشتہ سماعتیں کالعدم قرار دینے کی درخواست دائر کردی۔
مراد سعید کی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں اپنے وکیل کے ذریعے گزشتہ سماعتیں کالعدم قرار دینے کی درخواست دائر کردی گئی ہے ۔
سابق وفاقی وزیر مراد سعید نے درخواست میں موقف اپنایا کہ 15مئی کو معلوم ہوا کہ مراد سعید کے خلاف یکطرفہ عدالتی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ ہوا ہے حالانکہ 23 اپریل کو معاون وکیل کو عدالتی عملے نے بتایا تھا کہ آئندہ سماعت 6 جون کو ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم سمجھے سماعت 6جون کو ہے جس کے باعث ہم سے 6مئی اور 14مئی کی عدالتی کارروائی چھوٹ گئی، جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوا سماعت کی تاریخ اوور رائٹ ہوگئی تھی، احسن اقبال نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 4 سال میں پہلی بار گواہ کا بیان ریکارڈ کروایا۔
اس کے مطابق غیر حاضری کے باعث احسن اقبال کی درخواست دو بار خارج ہوچکی ہے، مراد سعید کے خلاف سازش ہوئی لہذا 6 اور 14 مئی کی سماعتوں کو کالعدم قرار دیا جائے اور احسن اقبال کو سابق وزیر کے وکیل کی موجودگی میں دوبارہ شواہد پیش کرنے کی ہدایت دی جائے۔
درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ عدالت کی جانب سے ریکارڈ کی ٹیمپرنگ پر انکوائری بھی کروائی جائے۔

مزید پڑھیں:  کے پی ہاوس سیل کرنا غیرقانونی ہے، عدالت جائیںگے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف