23دہشتگرد ہلاک

خیبر پختونخوا میں فورسز کی کارروائیاں،23دہشتگرد ہلاک،7جوان شہید

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی تین مختلف کارروائیوں کے دوران 23دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ7جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق آپریشنز 26اور 27مئی کے درمیان کئے گئے، 26 مئی کو حسن خیل میں آپریشن کے دوران 6دہشتگرد مارے گئے، دہشتگردوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کئے گئے، آپریشن میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 27مئی کو ضلع ٹانک میں دہشتگردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کی گئی، کارروائی میں 10دہشتگرد مارے گئے، تیسرا آپریشن ضلع خیبر کے علاقے باغ میں کیا گیا، آپریشن میں 7دہشتگرد مارے گئے، دو زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، شہدا میں نائیک محمد اشفاق بٹ، لانس نائیک سید دانش شامل ہیں، سپاہی تیمور ملک اور سپاہی نادر صغیر بھی شہید ہوئے، آپریشن میں سپاہی محمد یاسین بھی شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا، ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نائیک محمد اشفاق بٹ شہید کی عمر 32سال جبکہ ان کا تعلق ضلع کہوٹہ سے ہے، نائیک محمد اشفاق بٹ شہید نے 10سال تک پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں، نائیک محمد اشفاق بٹ شہید نے سوگواران میں اہلیہ، 1 بیٹی اور 2 بیٹے چھوڑے ہیں۔
ضلع پونچھ کے رہائشی لانس نائیک سید دانش افکار شہید کی عمر30سال ہے، لانس نائیک سید دانش افکار شہید نے 6 سال تک پاک فوج میں مادرِ وطن کے دفاع کے فرائض سر انجام دیئے، لانس نائیک سید دانش افکار شہید نے سوگواران میں والدین، بہن، بھائی اور اہلیہ چھوڑی ہے۔
32سالہ سپاہی تیمور ملک شہید کا تعلق ضلع لیہ سے ہے، سپاہی تیمور ملک شہید نے 11 سال تک دفاع وطن کے فرائض سر انجام دیئے، سپاہی تیمور ملک شہید نے سوگواران میں والدین، بہن، بھائی اور اہلیہ چھوڑی ہے۔
شہدا میں سب سے کم عمر 22 سالہ سپاہی نادر صغیر شہید ہیں، سپاہی نادر صغیر شہید ضلع باغ کے رہائشی ہیں، سپاہی نادر صغیر شہید نے 2سال تک پاک فوج میں خدمات سر انجام دیں، سپاہی نادر صغیر شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔
سپاہی محمد یاسین شہید کی عمر23سال جبکہ ان کا تعلق ضلع خوشاب سے ہے، سپاہی محمد یاسین شہید نے ڈیڑھ سال پاک فوج میں خدمات سر انجام دیں، سپاہی محمد یاسین شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلی گمشدگی کیخلاف پشاور میں احتجاج، مقامی ورکرز سڑکوں پر نکل آئے