آئی جی پولیس خیبر پختونخوا

غیر ملکیوں کی سکیورٹی ترجیح ،کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،آئی جی پولیس خیبر پختونخوا

ویب ڈیسک: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان نے کہا ہے کہ غیر ملکیوں کی سکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
سینٹرل پولیس آفس پشاور میں ایک ویڈیو لنک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت پراجیکٹس پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ایڈیشنل آئی جی پی آپریشنز، کیپٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور، ڈی آئی جی آپریشنز، کمانڈنٹ سپیشل سیکیورٹی یونٹ، ڈپٹی کمانڈنٹ سپیشل سیکیورٹی یونٹ اور اے آئی جی آپریشنز نے کانفرنس میں شرکت کی جبکہ صوبہ بھر کے ریجنل پولیس آفیسرز اور ضلعی پولیس آفیسرز ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس میں شریک ہوئے۔
ریجنل پولیس افسران نے غیر ملکی پراجیکٹس اور ان پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی سیکیورٹی سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ پیش کی۔
آئی جی پی خیبر پختونخوا اختر حیات خان نے اجلاس کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکیوں کی سکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،صوبہ بھر میں جتنے بھی غیر ملکی پراجیکٹس ہیں ان کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے بنائے گئے میکنزم کے تحت اپنے فرائض سرانجام دیں اور ان کی سیکیورٹی کے لیے اقدامات کو باقاعدہ خط و کتابت کے ساتھ عملی صورت میں فیلڈ میں بھی یقینی بنائیں۔
آئی جی پی نے وزارت داخلہ کی SOP کے مطابق غیر ملکی ورکرز کی نقل و حرکت بلٹ پروف گاڑیوں میں کرنے اور پراجیکٹس کے راستوں کو مکمل محفوظ بنانے کی بھی سختی سے ہدایت کی۔
آئی جی پی نے غیر ملکی ورکرز کی رہائش گاہوں ، انکے پراجیکٹس سائٹ کی چار دیواری اور خاردار تاروں کو مزید محفوظ/مضبوط کرنے اور CCTV کیمروں کی تعداد مزید بڑھانے اور پراجیکٹس کی حدود میں مسلسل سرچ آپریشن کرانے کی بھی ہدایت کی۔
ریجنل پولیس افسران اور ضلعی پولیس افسران کو غیر ملکی پراجیکٹس کے ہر مہینے باقاعدگی سے سیکیورٹی آڈٹ کا جائزہ لینے اور وقتا فوقتا ضرورت کے مطابق مزید موثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
آئی جی پی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں چین کا کردار قابل ستائش اور قابل قدر ہے، صوبے میں مقیم چائینز کو تحفظ فراہم کرنا حکومت اور خیبر پختونخوا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی قطعی طور پر برداشت نہیں کی جائے گی۔
آئی جی پی نے سکیورٹی آڈٹ کے لیے ڈی آئی جی سپیشل برانچ سے مدد حاصل کرنے اور غیر ملکی پراجیکٹس کی حدود میں وائرلیس کمیونیکیشن سسٹم کو مزید موثر اور فعال بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا، ریجنل پولیس افسروں نے آئی جی پی کو اپنے اپنے ریجن میں امن و امان کے قیام کے لیے اعداد و شمار کی روشنی میں اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی نہیں بلکہ فارم 47 پر برسر اقتدار ن لیگ دہشتگرد جماعت ہے