سُپر ہٹ ویب سیریز ‘ہیرامنڈی’ کے سیزن 2 کا اعلان

بالی ووڈ کے معروف فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کی بلاک بسٹر ویب سیریز ‘ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ کے دوسرے سیزن کا اعلان کردیا گیا۔
سنجے لیلا بھنسالی پروڈکشن اور نیٹ فلکس انڈیا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی مشترکہ پوسٹ کے ذریعے ‘ہیرامنڈی’ کے دوسرے سیزن کا اعلان کیا۔
پوسٹ میں طوائفوں کے رقص پر مبنی ٹیزر جاری کیا گیا جوکہ ممبئی کی سڑک پر ایک تقریب کے دوران ‘ہیرامنڈی’ کے گانوں پر پرفارم کرتی نظر آئیں۔
‘ہیرامنڈی’ کے دوسرے سیزن کے ٹیزر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انارکلیوں اور گھنگروؤں میں ملبوس 100 طوائفیں رقص کررہی ہیں۔
نیٹ فلکس انڈیا نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ محفل پھر سے جمے گی کیونکہ ہیرا منڈی کا سیرن 2 آئے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی نے حال ہی میں سیریز کے دوسرے سیزن کی تصدیق کی تھی، اُنہوں نے کہا تھا کہ ‘ہیرامنڈی 2′ میں طوائف تقسیم ہند کے بعد لاہور سے ممبئی اور کولکتہ آجائیں گی، پھر یہاں کی فلم انڈسٹری میں اپنا کیریئر شروع کریں گی۔
سنجے لیلا بھنسالی کا کہنا تھا کہ وہ دوسرے سیزن میں بھی رقص اور موسیقی کریں گی لیکن اس بار نوابوں کے لیے نہیں بلکہ پروڈیوسرز کے لیے کریں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ یکم مئی کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی ویب سیریز ‘ہیرا منڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ کے ذریعے ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی نے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر قدم رکھا ہے۔
اس سیریز کی میگا کاسٹ میں سوناکشی سنہا، منیشا کوئرالہ، ادیتی راؤ حیدری، ریچا چڈھا، سنجیدا شیخ، شرمین سیگل اور فردین خان شامل ہیں۔
‘ہیرا منڈی’ کو 1940 کے دور میں سیٹ کیا گیا تھا اور اس میں دربار والوں اور طوائفوں کے درمیان تعلقات پر کہانی کی بنیاد رکھی گئی تھی۔