مزید 11نعشیں برآمد

شدید گرمی :کراچی کے مختلف علاقوں سے مزید 11نعشیں برآمد

ویب ڈیسک: کراچی میں شدید گرمی کے باعث مختلف علاقوں سے نعشیں ملنے کا سلسلہ جاری ،تیسرے روز بھی مختلف علاقوں سے خاتون سمیت 11افراد کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں سے تین روز میں ملنے والی لاشوں کی تعداد 36 تک پہنچ گئی جنہیں چھیپا اور ایدھی کے رضاکاروں نے سرکاری اسپتال اور پھر سرد خانے منتقل کردیا۔
چھیپا حکام کے مطابق منگل کی دوپہر ساڑھے تین بجے کے قریب رضا کاروں نے سولجر بازار کے علاقے 3 نمبر سگنل کے قریب فٹ پاتھ سے 55 سالہ نامعلوم شخص کی لاش کو سول اسپتال منتقل کیا جبکہ ریسکیو حکام کی جانب سے وجہ ہلاکت نامعلوم بتائی گئی۔
منگل کی شام 5 بجکر 38 منٹ پر چھیپا کے رضا کاروں نے گلشن معمار جمال مسجد کے قریب فٹ پاتھ سے 50 سالہ نامعلوم شخص کی لاش کو عباسی شہید اسپتال پہنچائی،
شام 5 بجکر 39 منٹ پر چھیپا کے رضا کاروں نے اورنگی ٹاون 12 نمبر چڑھائی کے قریب فٹ پاتھ سے ایک شخص کی لاش ملی جسے ریسکیو حکام نے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا، جس کی شناخت پچاس سالہ منور علی کے نام سے ہوئی تاہم فوری طور پر موت کا تعین نہیں ہوسکا۔
منگل کی شام 6 بجکر 16 منٹ پر چھیپا کے رضا کاروں نے ماڑی پور روڈ دعا ہوٹل کے قریب فٹ پاتھ سے 35 سالہ نامعلوم شخص کی لاش سول اسپتال پہنچائی جبکہ متوفی کی وجہ ہلاکت نامعلوم بتائی جا رہی ہے،شام 6 بجکر 30 منٹ پر چھیپا کے رضا کاروں نے منگھوپیر نورانی ہوٹل نہر کے قریب فٹ پاتھ سے 35 سالہ نامعلوم شخص کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی جس کی وجہ موت کا تعین نہ ہو سکا ۔
منگل کی رات ساڑھے آٹھ بجے کے قریب چھیپا کے رضا کاروں نے کلفٹن شان سرکل انڈر پاس کے قریب سے ملنے والی 55 سالہ نامعلوم خاتون کی لاش کو پولیس کارروائی کے بعد سرد خانے منتقل کر دیا جبکہ فوری طور پر وجہ ہلاکت کا تعین نہیں ہوسکا۔
دریں اثنا ایدھی حکام کے جانب سے پیر کی رات ایک بجکر 18 منٹ نیو کراچی کے علاقے سیکٹر فائیو جے سے 32 سالہ عمیر نامی شخص کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی جس کی وجہ ہلاکت کا تعین نہیں ہو سکا جبکہ ایدھی کے رضا کاروں نے پیر اور منگل کی درمیانی شب 2 بجکر 16 منٹ پر سرجانی کے علاقے سے 2 افراد کی لاشوں کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا جس میں سرجانی موڑ پیر خان گوتھ افضل مسجد کے قریب سے 55 سالہ نامعلوم شخص جبکہ لیاری تیسر ٹاون یونس گوٹھ سے 75 سالہ رحمت ولد برکت کی لاشیں شامل تھیں، دونوں کی موت کا تعین نہیں ہوسکا۔
ایدھی کی جانب سے منگل کی دوپہر ایک بجکر 42 منٹ پر کورنگی مہران ٹان روٹ ڈی گیارہ منی بس کے آخری اسٹاپ کے قریب چھپڑا ہوٹل سے ملنے والی 50 سالہ نامعلوم شخص کی لاش کو ابتدائی تحقیقات کے لیے کورنگی صنعتی ایریا تھانے پہنچایا بعدازاں متوفی کی لاش کو سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا ۔
اورنگی ٹاون سیکٹر ساڑھے گیارہ انار خان تھلے کے قریب سے منگل کی شب 8 بجکر 17 منٹ پر 50 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے ضابطے کی کارروائی کے لیے متعلقہ قریبی تھانے لیجایا گیا بعدازاں متوفی کی لاش کو ایدھی کے رضا کاروں نے سہراب گوٹھ سرد خانے منتقل کر دی ، ایدھی حکام کے مطابق ملنے والی دونوں لاشوں کی ہلاکت کا تعین نہیں ہو سکا۔

مزید پڑھیں:  حکومت کا ٹیکس نہ دینے والوں پر سخت پابندیاں لگانے کا عندیہ