استثنیٰ کی درخواست مسترد

علی گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد، ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

ویب ڈیسک: علی گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد، ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے گئے۔ انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے دونوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف تھانہ سنگجانی اور آئی 9 میں درج مقدمات سے متعلق کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور اور عامر مغل کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی۔
دوران سماعت جج طاہر عباس سپرا نے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کسی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست قبول نہیں ہو گی، یہ کوئی وجہ نہیں کہ میں شہر سے باہر ہوں تو پیش نہیں ہو سکتا۔
پی ٹی آئی وکلا کے جواب پر جج نے کہا کہ تمام غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوں گے، اگلی پیشی پر تمام ملزمان کی حاضری یقینی ہو گی۔
وکلا صفائی کی جانب سے کہا گیا کہ ایک موقع دیا جائے اگلی پیشی پر تمام ملزمان پیش ہوں گے۔
انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا کا کہنا تھا کہ جو ملزم 8 تاریخ کو نہیں آئیں گے ان کو اشتہاری قرار دوں گا۔ میں نے ان کیسز کو انجام تک پہنچانا ہے جس میں آپ کا ہی فائدہ ہو گا۔
بعد ازان عدالت نے دونوں مقدمات کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پیشی سے متعلق سپرینٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے تحریری جواب بھی طلب کر لیا۔

مزید پڑھیں:  محرم الحرام :پشاور پولیس کی امن و امان برقرار رکھنے کے لئے تیاریاں مکمل