پی سی بی سکروٹنی کمیٹی چیئرمین

پی سی بی سکروٹنی کمیٹی چیئرمین کیخلاف دائر درخواست پر سماعت ملتوی

ویب ڈیسک: پی سی بی سکروٹنی کمیٹی چیئرمین کیخلاف دائر درخواست پر سماعت پشاور ہائی کورٹ میں جسٹس ایس ایم عیتق شاہ اور جسٹس محمد اعجاز خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔
دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے کہا کہ درخواست گزار ارباب الطاف پی سی بی سکروٹنی کمیٹی چیئرمین کے عہدے پر تعینات تھے۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ نے درخواست گزار کو عہدے سے ہٹایا ہے حالانکہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی خود غیرقانونی طور پر تعینات ہوئے ہیں۔
اس پر جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کہا کہ کرکٹ کا بیڑا تو تباہ کردیا ہے، انہوں نے استفسار کیا کہ سلیکشن کا دیگر ممالک میں کیا طریقہ کار ہے۔
وکیل درخواست گزارنے جواب دیا کہ پاکستان میں چیئرمین تعیناتی کا اختیار وزیراعظم کے پاس ہے جبکہ دیگر ممالک میں ایسا نہیں۔ سری لنکا اور زمبابوے میں پہلے ایسا تھا اب وہاں طریقہ کار تبدیل کر دیا گیا ہے۔
عدالت نے مزید استفسار کیا کہ انڈیا اور افغانستان میں طریقہ کار کیا ہے۔ وکیل درخواست گزار نے جواب دیا کہ وہاں پر انڈیپینڈنٹ باڈی چیئرمین اور دیگر عہدوں کے لئے تعیناتی کرتی ہے، سیاسی بنیاد پر انتخاب صرف پاکستان میں ہوتا ہے۔
انہوں نے دلائل دیتے ہوئے مزید کہا کہ کوریا اور افغانستان کے لئے آئین ہم نے بنا کردیا ، وہ آئین پر عمل کررہے ہیں جبکہ ہم اپنے آئین پر عمل نہیں کررہے۔
عدالت نے کہا کہ آپ ان قوانین سے متاثر ہے تو مفاد عامہ میں اس کو چیلنج کریں، ڈپٹی اٹارنی جنرل صاحب آپ آئندہ سماعت تک جواب جمع کریں، آپ ہمیں اس پر اسسٹ کریں گے۔
بعد ازاں عدالت نے سماعت 12 جولائی تک ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں:  مولانا کی صوبائی حکومتوں پر تنقید ، جے یو آئی رہنما کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ