حلقہ پی کے 22 باجوڑ

حلقہ پی کے 22 باجوڑ پر ضمنی انتخاب، پولنگ کا عمل جاری

ویب ڈیسک: حلقہ پی کے 22 باجوڑ پر ضمنی انتخاب کے دوران پولنگ کا عمل جاری ہے۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے جاری رہیگا۔ پولنگ سٹیشنز پر صبح سویرے ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پہنچنا شروع ہوگئے۔
پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے پولیس اہلکار بھی تعینات کردیے گئے ہیں تاکہ کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو سکے۔
الیکشن کمیشن رپورٹ میں تبایا گیا ہے کہ حلقہ پی کے 22 باجوڑ پر ضمنی انتخاب کیلئے ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے۔ ان میں 99038 مرد اور 79972 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ضمنی انتخاب کے لئے 91 پولنگ سٹیشنز اور 276 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، جن میں 43 پولنگ سٹیشنز حساس، 23 انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔
حلقہ پی کے22باجوڑپرضمنی انتخاب کیلئے 11 امیدوار میدان میں ہیں جن میں جماعت اسلامی کے عابد خان، اے این پی کے محمد نثار باز، سنی اتحاد کے راحت اللہ، پیپلز پارٹی کے عبداللہ، سابق گورنر شوکت اللہ کے بیٹے نجیب اللہ خان آزاد امیدوار جبکہ پی ٹی آئی ٹکٹ نہ ملنے پر اختر گل آزاد حیثیت سے میدان میں ہیں۔
یاد رہے کہ اس حلقہ سے ایم این اے مبارک زیب نے اپنا امیدوار میاں حبیب گل کو سنی اتحاد کونسل کے امیدوار راحت اللہ کے حق میں دستبردار کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبر میں پولیس کارروائی کی ذمہ داری وفاق پر ڈالنا شرمناک ہے،ایمل ولی