گرڈ سٹیشن پر مظاہرین کا حملہ

سرائے نورنگ گرڈ سٹیشن پر مظاہرین کا حملہ، سامان اٹھا کر باہر پھینک دیا

ویب ڈیسک: بجلی لوڈشیڈنگ سے عوام تنگ آ گئے، پیسکو سرائے نورنگ گرڈ سٹیشن پر مظاہرین کا حملہ ، اس دوران مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی اور سارا سامان اٹھا کر باہر پھینک دیا۔
پیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ مشتعل مظاہرین ہاتھوں میں لاٹھیاں اور پتھر اٹھائے پیسکو گرڈ سٹیشن میں داخل ہوئے، اس دوران انہوں نے نہ صرف گرڈ سٹیشن میں توڑ پھوڑ کی، پتھراؤ کیا بلکہ آفس کا سارا سامان بھی اٹھا کر باہر پھینک دیا۔
پیسکو ترجمان کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ مشتعل مظاہرین نے میٹرز اٹھا کر باہر پھینک دیے جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ مظاہرین نے سرائے نورنگ گرڈ سٹیشن میں داخل ہو کر بجلی کی سپلائی مکمل طور پر بند کر دی۔
مظاہرین کی جانب سے گرڈ سٹیشن سے بجلی بند کرنے سے شہر بھر میں بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی اور پورا شہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔ ترجمان کے مطابق مظاہرین کا تعلق ماما خیل فیڈر سے ہے جنہوں نے لوڈشیڈنگ کیخلاف پیسکو گرڈ پر حملہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماما خیل فیڈر پر لائن لاسز 68 فیصد سے زائد ہیں، لائن لاسز زیادہ ہونے پر مذکورہ فیڈر پر معمول کے مطابق لوڈمنیجمینٹ کی جاتی ہے، مظاہرین نے پیسکو فیلڈ سٹور اور متعلقہ سب ڈویژن آفس پر بھی حملہ کیا۔
مظاہرین کی جانب سے بجلی کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ کے خلاف سرائے نورنگ میں شاہراہ بند کر کے شدید احتجاج کیا جا رہا ہے۔ اس شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ سے تنگ آ کر اقدام اٹھایا گیا. اس شدید گرمی کے موسم میں ایک طرف مہنگائی تو دوسری طرف بجلی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا حرام کر رکھا ہے.
پیسکو ترجمان کے مطابق گرڈ سٹیشن پر مظاہرین کا حملہ اس قدر شدت کے ساتھ تھا کہ انہوں نے گرڈ میں‌توڑ پھوڑ کی اور سارا سامان بمعہ میٹرز اٹھا کر باہر پھینک دیا.

مزید پڑھیں:  حزب اللہ کی اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر بمباری، سرحد پر صیہونیوں کا حملہ پسپا