فلور ملز کی ہڑتال

فلور ملز کی ہڑتال، سپلائی بند ہونے سے آٹا بحران کا خدشہ

ویب ڈیسک: ود ہولڈنگ ٹیکس سمیت اپنے مطالبات کے حق میں ملک بھر میں فلور ملز کی ہڑتال جاری ہے، سپلائی بند ہونے سے آٹے کے بحران کا خدشہ ظاہر کیا جانے لگا ہے۔
پشاور کے ساتھ ساتھ کوئٹہ اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی فلور ملز ایسوسی ایشن کی اپیل پر ہڑتال جاری ہے، فلور ملز پر تالے لگا دیے گئے ہیں۔ ہڑتال کے باعث نہ صرف گندم سپلائی روک دی گئی ہے بلکہ گندم کی پسائی کا کام بھی بند کردیا گیا ہے۔
چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن (ساؤتھ زون) عامر عبداللہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں بھی فلور ملز نے آٹے کی سپلائی بند کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس جمع کرنا ایف بی آر کا کام ہے، ہمیں ٹیکس ایجنٹ نہ بنایا جائے۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ہمارے مطالبات پورے ہونے تک گندم مصنوعات کی سپلائی بند رہے گی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل فلور ملز مالکان نے پریس کانفرنس کے دوران ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے مذاکرات کی کوشش کی ہے اور حکومت کو اپنے مطالبات پہنچا دیے ہیں۔
ملک بھر کے مختلف شہروں میں فلور ملز نے آج سے گندم پسائی اور سپلائی بند کردی جس کے باعث آٹے کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق 1500 مل مالکان سمیت ملک بھر سے فلور ڈیلرز بھی ہڑتال میں شامل ہو گئے ہیں۔
چیئرمین فلور ملزایسوسی ایشن عاصم رضاکا کہنا ہے کہ ہم ود ہولڈنگ ٹیکس اکٹھا نہیں کریں گے، ود ہولڈنگ ٹیکس سے آٹے کا تھیلا 200 روپے مزید مہنگا ہو جائے گا۔
آل پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے اعلان کے ساتھ ہی گوجرانوالہ کی 73، ملتان کی60 سے زائد جبکہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں تمام 100 فلور ملز بھی بند ہیں۔

مزید پڑھیں:  فلسطینی حق پر ہیں، مسلمان ممالک کو متحد ہونا ہوگا، آیت اللہ علی خامنہ ای