مخصوص نشستوں کا فیصلہ

سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کا فیصلہ کل سنایا جائے گا

ویب ڈیسک: سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق محفوظ شدہ فیصلہ کل صبح نو بجے سنایا جائے گا۔
رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے کاز لسٹ جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا کہ کل فل کورٹ نہیں بیٹھے گا، بلکہ چیف جسٹس پاکستان کے ریگولر تین رکنی بینچ میں فیصلہ سنایا جائے گا۔
اس حوالے سے آج بھی 13 رکنی فل کورٹ کا مشاورتی اجلاس ہوا ہے، گزشتہ روز بھی چیف جسٹس کی زیرصدات فل کورٹ اجلاس میں معاملے پر مشاورت کی گئی تھی، عدالت نے کیس کا فیصلہ منگل کو محفوظ کیا تھا جس کا شارٹ آرڈر کل سنایا جائے گا۔
اجلاس میں 13رکنی فل کورٹ میں شامل تمام ججز شریک ہوئے، جن میں جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، محمد علی مظہر، عائشہ ملک، اطہر من اللہ، سید حسن اظہر رضوی، شاہد وحید، عرفان سعادت خان اور نعیم اختر افغان شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق ججز کے اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پر مشاورت کی گئی۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا فیصلہ 2 روز قبل 9 جولائی کو محفوظ کیا تھا۔
اپیلوں پر فل کورٹ 31 مئی کو تشکیل دیا گیا تھا، جس نے اپیلوں کی 9 سماعتیں کیں جبکہ سماعتیں یو ٹیوب اسٹریمنگ کے ذریعے براہِ راست نشر کی گئیں۔

مزید پڑھیں:  ڈی چوک احتجاج کیلئے ہنگو، مردان اور ہری پور سے قافلے تیار