ایف بی آر اور فلور ملز

ایف بی آر اور فلور ملز مالکان کے مذاکرات پھر ناکام، ہڑتال جاری

ویب ڈیسک: ودہولڈنگ ٹیکس پر ایف بی آر اور فلور ملز مالکان کے مذاکرات ناکام ہو گئے، ایف بی آر نے ودہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے سے انکار کر دیا جس سے معاملات الجھ گئے. ادھر فلور ملز کی ہڑتال جاری ہے جسے آج دوسرا روز ہے، آٹے کی سپلائی بند ہونے سے قلت کا بھِی خدشہ منڈلانے لگا ہے۔
ذرائع کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف فلور ملز مالکان کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری ہے۔ چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کا اس حوالے سے کہنا ہے ہمارا مطالبہ جائز ہے کہ ودہولڈنگ ٹیکس واپس لئے جائیں، ہم ٹیکس ایجنٹ کا کردار ادا نہیں کر سکتے۔ حکومت نے رابطہ کیا نہ ہی ایف بی آر نے اس حوالے سے ہمارے ساتھ تبادلہ خیال کیا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں فلور ملز کی ہڑتال کے باعث فلور ملز سے مقامی مارکیٹوں کو آٹے کی ترسیل مکمل طور پر بند ہے جس سے آٹے کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ ملز مالکان کا کہنا ہے کہ ٹیکسز کے خلاف احتجاج جاری رہے گا۔
یاد رہے کہ مارکیٹ ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو ملک بھر میں آٹے کی قلت ہو سکتی ہے۔ ودہولڈنگ ٹیکس پر ایف بی آر اور فلور ملز مالکان کے مذاکرات ایک بار پھر سے ناکام ہو گئے .
دوسری جانب چیئرمین ایف بی آر کا آٹے پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے سے انکار کر دیا۔ فلور ملز ایسوسی ایشن اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے درمیان مذاکرات ایک بار پھر ناکام ہو گئے۔
چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے درمیان اجلاس ہوا۔ زوم اجلاس میں وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین بھی موجود تھے۔ اجلاس میں فلور ملز ایسوسی ایشن نے کہا کہ پنجاب بھر میں آٹے کے بزنس پر ودہولڈنگ ٹیکس اور فلور ملز پر عائد سالانہ ٹرن اوور ٹیکس ختم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ان ٹیکسز کے خاتمہ سے آٹے کی قیمت میں کمی آسکتی ہے۔ ودہولڈنگ ٹیکس کی ڈاکیومنٹیشن کرنا آٹا ڈیلرز اور دکانداروں کے لیے ممکن نہیں۔
چیئرمین ایف بی آر نے اس موقع پر کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے ریٹیلرز ٹیکس پیئر پر کڑی شرائط عائد ہیں۔ اس لیے فلور ملز کے آٹا ڈیلر اور ریٹیلرز پر سے ود ہولڈنگ ٹیکس ختم نہیں کیا جاسکتا۔
یاد رہے کہ ایف بی آر اور فلور ملز مالکان کے مابین اس حوالے سے یہ دوسری بار مذاکرات تھے جو ناکام ہوئے، پہلے بھی ودہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ ختم نہ کرنے کا کہا گیا اور اب بھی یہی بیانیہ دہرایا گیا اور ساتھ میں ایف بی آر نے سارا ملبہ آئی ایم ایف پر ڈال دیا۔

مزید پڑھیں:  سونا فی تولہ 2 لاکھ 75ہزار سے تجاوز کر گیا، 10 گرام گولڈ بھی مہنگا