جماعت اسلامی دھرنا

جماعت اسلامی کا مہنگائی کیخلاف دھرنا دینے کا اعلان

ویب ڈیسک: جماعت اسلامی پا کستان نے مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف 26جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کردیا ہے ۔
جماعت اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی مہنگائی کے خلاف آج ملک گیراحتجاج کر رہی ہے، تمام چھوٹے بڑے شہروں میں دھرنے ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ بجلی ٹیرف میں بے تحاشا ٹیکسز کے خلاف 26جولائی کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دھرنا دیا جائے گا اور مطالبات کی منظوری تک نہیں اٹھیں گے۔
مرکزی امیر نے کہا کہ 26جولائی کو اسلام آباد میں عوام کو پرامن دھرنے میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں، عوام دشمن اقدامات کیخلاف حق دو عوام کو تحریک چلا رہے ہیں، عوامی حقوق کے لیے سڑکوں پر بھی نکلیں گے اور عدالتوں میں بھی جائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم کا مزید کہنا تھا کہ ہماری تحریک عوام دشمن بجٹ کیخلاف ہے، حکمران آئی ایم ایف کے حکم پربجلی بلوں میں اضافہ کر رہے ہیں، حکومت کو بجلی کے بھاری بلوں اور ظالمانہ سلیب سسٹم پرعوام کو ریلیف دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، عدالت کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کی کوئی اخلاقی حیثیت باقی نہیں رہی، چیف الیکشن کمشنر فوری طورپر استعفیٰ دیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ ایک جوڈیشل کمیشن بنائے اور فارم 45کی بنیاد پر ہر سیٹ کا فیصلہ کرے۔
انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگانے والی پارٹیوں نے مخصوص نشستیں لے لیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ آدھا نہیں پورا قبول کیا جائے۔

مزید پڑھیں:  ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان پہنچ گئے،پرتپاک استقبال