ڈی آئی خان حملہ

ڈی آئی خان میں ہیلتھ مرکز پر حملہ:5شہری،2جوان شہید، 3 دہشت گرد ہلاک

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے ہیلتھ مرکز پر حملے میں 5شہری اور 2فوجی جوان شہید ہو گئے ،جوابی کارروئی میں 3دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں رورل ہیلتھ سینٹر کری شموزئی پر بزدلانہ حملہ کیا۔
حملے کے دوران دہشت گردوں نے رورل ہیلتھ سینٹر کے عملے پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 لیڈی ہیلتھ ورکرز، 2 بچے اور ایک چوکی دار سمیت 5بے گناہ شہری شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں فورسز کی موثر کارروائی کے سبب تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے، شدید فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار محمد فاروق اور سپاہی محمد جاوید اقبال نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے مطابق 44سالہ نائب صوبیدار محمد فاروق شہید کا تعلق ضلع نارووال سے ہے۔
شہادت کے رتبے پر فائز ہونے والے نائب صوبیدار محمد فاروق شہید نے 25 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا، نائب صوبیدار محمد فاروق شہید نے سوگواران میں اہلیہ، دوبیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑے۔
ضلع خانیوال سے تعلق رکھنے والے سپاہی محمد جاوید اقبال شہید کی عمر 23سال ہے، سپاہی محمد جاوید اقبال شہید نے 3سال تک پاک فوج میں خدمات سر انجام دیں۔
سپاہی محمد جاوید اقبال شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
معصوم شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے والے اس گھناونے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  سینیٹ نے الیکشن ایکٹ میں مزید ترامیم کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیا