جوڈیشل کونسل جانے کا اعلان

پی ٹی آئی کا ایڈہاک ججزلانے کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل جانےکااعلان

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) ایڈہاک ججز کی تعیناتی کو مسترد کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل جانے کا اعلان کردیا ہے ۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد پارٹی کے دیگر قائدین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تعیناتی بدنیتی پر مبنی ہے،ایڈہاک ججز کی تعیناتی کا معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل میں بھیج رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقدام کا مقصد اپنے ہم خیال ججز کو لگانا ہے ججز اس معاملے کو متنازع نہ بنائیں، چار ججز کو ایک ساتھ دوران تعطیلات لایا جا رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ملک کی سب سے بڑی جماعت پر پابندی حکومت کے خاتمے کا کائونٹ ڈائون ہوگا ،کسی کا باپ بھی پی ٹی آئی پر پابندی نہیں لگا سکتا، پی ٹی آئی کو 3 کروڑ لوگوں نے ووٹ دیا ہے۔
اس موقع پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ نیب نے بشریٰ بی بی کو جھوٹے کیسز میں پھر گرفتار کیا، چیف جسٹس سے گزارش ہے ایڈہاک ججز ہمارے کیسز نہ سنیں، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا مقصد ہے ہم خیال ججز اپنے ساتھ لگائیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جمشید دستی کے گھر ریڈ ہوا، شہریار آفریدی کے گھر رات پولیس آئی، ہم ان تمام اقدامات کی مذمت کرتے ہیں، آئین میں لکھا ہے کسی پارلیمنٹیرین کو گرفتار کرنے سے پہلے سپیکر کو خط لکھا جاتا ہے، اس وقت پاکستان میں لاقانونیت ہے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہمیں 4جولائی کو عمران خان سے ملنے سے روکا گیا، ہمارا اسلام آباد میں بھی جلسہ ہوگا، صوابی کے مقام پر بھی کریں گے، ہمارے پورے پاکستان میں بھرپور جلسے ہوں گے۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حکمران ٹولہ تلملا اٹھا ہے، پارٹی پر پابندی لگانے والا اقدام انتہائی بھونڈا ہے، ہم اس ملک کے ساتھ مزید کھلواڑ کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ عوام اس لئے نہیں کہ وہ صرف ٹیکس دیں، آئندہ ماہ میں مزید خرابی ہوگی، یہ پاکستانی عوام کے جینے کو ناممکن بنا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اس نظام کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہوگی، چیف الیکشن کمشنر کو اپنے چاروں ممبران کے ساتھ استعفی دینا چاہیے، ثابت ہوگیا الیکشن کمیشن ایک پارٹی بن گیا ہے، ہمارے ایم این ایز کو اغوا کیا جا رہا ہے اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
رہنما تحریک انصاف زرتاج گل نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی دیوانے کا خواب ہے، دیوانے صرف گلیوں میں ناچ سکتے ہیں کچھ کر نہیں سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان کی ایک آواز ہے بانی پی ٹی آئی تھا، ہے اور رہے گا، آپ ہم سے جنگ کرنے کے بجائے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے معافی مانگ لیں، افاقہ ہوگا۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ یہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، ملک کو سرزمین بے آئین بنا دیا گیا ہے، یہ سب کچھ بندوق کی نوک پر کر رہے ہیں، ہم امن چاہتے ہیں مگر ظلم کیخلاف، اگر جنگ لازمی ہے تو پھر جنگ ہی سہی، ہم جنگ کیلئے تیار ہیں لیکن چاہتے ہیں انارکی پیدا نہ ہو۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے ملک کو آئین کے مطابق چلا، نوازشریف بھاگنے والے ہیں، نوازشریف کو راہ فرار تب ملے گا جب آپ عوام میں آ کر معافی مانگیں۔

مزید پڑھیں:  جنوبی وزیرستان اور ٹانک کی تمام عدالتیں ڈی آئی خان منتقل کرنے کا حکم