آرمی چیف

پاک چین تعلقات باہمی اعتماد اور حمایت پر مبنی ہیں، آرمی چیف

ویب ڈیسک: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد اور حمایت پر مبنی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 97 ویں سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی۔
پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ تقریب میں مہمان خصوصی تھے، تقریب میں میجر جنرل وانگ ژونگ، دفاعی اتاشی، چینی سفارتخانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے افسران نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے چینی مہمانوں کا استقبال کیا، آرمی چیف نے پی ایل اے کو مبارکباد دی، چینی دفاع، سلامتی اور ملکی ترقی میں پی ایل اے کے تعاون کی تعریف کی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات غیر معمولی ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور حمایت پر مبنی ہیں۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے پاکستان اور خطے کے امن و استحکام کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کہ کوئی بھی طاقت چین اور پاکستان کی دوستی اور دونوں افواج کے درمیان بھائی چارے کو ختم نہیں کر سکتی۔

مزید پڑھیں:  سلامتی کونسل اجلاس میں ایران اسرائیل آمنے سامنے، پابندیوں کے مطالبے