فیصلے ضمیر نہیں آئین

فیصلے ضمیر نہیں آئین کے مطابق ہونے چاہئیں، مریم نواز

عدالتی فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ فیصلے ضمیر نہیں آئین کے مطابق ہونے چاہئیں۔
ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹاؤن شپ میں ماڈل بازار کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے پر حیرت ہے، فیصلے ضمیر نہیں آئین کے مطابق ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ چند افراد کے فیصلے سے ملکی ترقی رک جاتی ہے، انہوں نے سپریم کورٹ ججز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو چلنے دو، جس کو واپس لانا چاہتے ہیں وہ مجرم ہے، فیصلے ضمیر نہیں آئین کے مطابق کرنا ہوتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ایک ہارے ہوئے شخص کو فیورٹ بنانے کیلئے آئین کو ری رائٹ کیا گیا، تحریک انصاف کو بن مانگے وہ مل گیا جس کی امید نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی نے عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، حکومت پانچ سال پورے کر کے رہے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ ملک جب بہتری کی جانب گامزن ہوتا ہے تو کسی نہ کسی کو تکلیف شروع ہوجاتی ہے، سیاسی عدم استحکام کی کسی نے بھی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی ہوئی ہے، ماضی کی نااہلی کی وجہ سے شہبازشریف کو مشکل فیصلے کرنے پڑے ہیں تو اس کی چند وجوہات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں انتہائی خراب حالات میں معیشت ملی، 2013 سے 2018 تک جو ترقی ہوئی تھی ہمیں اس کے مقابلے میں تنزلی کی جانب جاتا ہوا پاکستان ملا تھا۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ جب ملک بہتری کی جانب گامزن ہوتا ہے، جب ملک میں عوام کی زندگی میں بہتری آتی ہے، ترقیاتی کام ہونے لگتے ہیں، مہنگائی کم ہونے لگتی ہے تو کسی نہ کسی کو اس کی تکلیف شروع ہوجاتی ہے، پتہ نہیں اس ملک کو کس کی نظر لگ جاتی ہے۔

مزید پڑھیں:  مجوزہ آئینی پیکیج مسترد، بار ایسوسی ایشنز نے مزاحمت کا اعلان کر دیا