جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج

جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دی ہے، اسد قیصر

پارلیمنٹ بے توقیر ہوگیا ہے، ملک کو غلط طریقے سے چلایا جا رہا ہے، جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دی ہے، پی ٹی آئی رہنما
ویب ڈیسک: پی ٹی آئی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ بے توقیر ہوگیا، جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو غلط طریقے سے چلایا جا رہا ہے ان لوگوں کو سمجھ نہیں ہے کہ کیسے ملک چلایا جائے، موجودہ حکومت بس تحریک انصاف کے پیچھے ہاتھ دھوکر پڑی ہوئی ہے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت چلانا ان لوگوں کے بس کی بات نہیں، ہمارے ایم این ایز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے، ان کو دبایا جا رہا ہے، انہیں مختلف آفرز بھی مل رہی ہیں، ہر طرف انارکی پھیلی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ بے توقیر ہوگیا ہے، یہ بس ڈبیٹنک کلب سے زیادہ کچھ نہیں، یہ چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف پر پابندی لگے لیکن عوام نے ان پر بین لگایا ہوا ہے، ان کی اگر یہی کارکردگی رہی تو آئندہ ان لوگوں کا نام لینے والا کوئی نہیں ہو گا۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ نواز شریف قصہ پارینہ بن چکا ہے، ہم نے ایک الائنس بنایا ہوا ہے جس میں مختلف سیاسی پارٹیزشامل ہیں، جو پارٹیز حکومت کے خلاف ہیں ان کو اکٹھا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
رہنما تحریک اںصاف کے مطابق موجودہ حکومت پی ٹی آئی کے پیچھے ہاتھ دھوکر پڑی ہے، ہمارے ورکروں اور کارکنان کو اٹھایا جا رہا ہے، اس تمام تر مشکلات کے باعث جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دی ہے۔
احتجاج کی کال کیساتھ ہی اسد قیصر نے اپنے 3 مطالبات پیش کر دیئے، انہوں نے کہا کہ ہمارا سرفہرست پہلا مطالبہ عمران خان سمیت گرفتار کارکنوں کی رہائی ہے، دوسرا مطالبہ مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں کمی جبکہ ملک میں بدامنی ختم کرنا ہمارا تیسرا مطالبہ ہے۔

مزید پڑھیں:  آئی ایم ایف شرائط: خیبرپختونخوا حکومت نے قومی مالیاتی معاہدے پر دستخط کردیئے