گرمی کے ستائے عوام کو بارش

گرمی کے ستائے عوام کو بارش کی خوشخبری

ملک بھر میں شدید گرمی کا راج ، لوڈشیڈنگ نے مزید مسائل بڑھا دیئے، ایسے میں محکمہ موسمیات نے گرمی کے ستائے عوام کو بارش کی خوشخبری سنا دی۔
ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات کی جانب سے گرمی کے ستائے عوام کو بارش کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اس کے علاوہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، بلوچستان اور سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند ایک مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
اس دوران محکمہ کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے کہ موسلا دھار بارش سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، مالاکنڈ، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کرم، اورکزئی، خیبر، مہمند، نوشہرہ، صوابی،کشمیر، ڈ یرہ غا زی خان، موسیٰ خیل بارکھان، کو ہلو اور لورالائی کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں نے رنگ جما دیا۔ کل سے شروع بارشیں آج بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں علی الصبح بوندا باندی کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا۔
اسلام آباد، راولپنڈی اور کراچی میں بھی بادل جم کر برسے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سپیل 25 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
مون سون بارشوں سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اس کے برعکس شدید بارشوں سے خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی احتمال ہے جس سے ٹریفک آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

مزید پڑھیں:  جعلی حکومت جو مرضی کرلے، نوجوان ڈی چوک احتجاج کے لئے پرجوش ہیں