وفاقی کابینہ اجلاس میں‌ تاریخی غلطی

وفاقی کابینہ اجلاس میں‌ تاریخی غلطی ہونے جا رہی ہے، فواد چوہدری

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں‌ تاریخی غلطی ہونے جا رہی ہے، نواز شریف اور آصف زرداری دونوں غلط رخ پر کھڑے ہیں۔
ویب ڈیسک: سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی سے متعلق نواز شریف اور آصف زرداری تاریخی غلطی کرنے جا رہے ہیں دونوں غلط رخ پر کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سننے میں آرہا ہے آج وفاقی کابینہ کا اجلاس ہونے جا رہا ہے جس میں پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کا معاملہ اٹھایا جائیگا، ان کا دو ٹوک الفاظ میں کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری تاریخ کے غلط رخ پر کھڑے ہیں۔
دونوں رہنما اس غلطی کے بعد کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان 14 ماہ سے قید ہے، کسی کو کیا فرق پڑا؟ لوگوں نے نشان ڈھونڈ ڈھونڈ کر ووٹ ڈالا اور ایم پی ایز اور ایم این ایز کو اسمبلیوں میں بھیجا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت مظلوم ہیں، عوام ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ آج حکومت سپریم کورٹ کو مان رہی ہے نہ عوام کے فیصلوں کو اہمیت دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، دنیا پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نظریں جمائے ہوئے ہے۔ آج بھی وفاقی کابینہ اجلاس میں‌ تاریخی غلطی ہونے جا رہی ہے.
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ڈیجیٹل دہشتگردی پی ٹی آئی کی طرف سے نہیں پاکستان مخالف لوگوں کی طرف سے ہو رہی ہے، پاکستان میں استحکام عمران خان کے بغیر نہیں آسکتا۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے جس میں پی ‌ٹی آئی پر پابندی سمیت بانی تحریک انصاف عمران خان سمیت سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی پر آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے.

مزید پڑھیں:  سلامتی کونسل اجلاس میں اسرائیلی مندوب کی ایران کو دھمکی