مسجدالحرام مہنگی ترین

مسجدالحرام کو دنیا کی مہنگی ترین عمارت قرار دے دیا گیا

ویب ڈیسک: امت مسلمہ کے قبلے، خانہ کعبہ کے اطراف کی مسجد، مسجدالحرام کو دنیا کی مہنگی ترین عمارت قرار دے دیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا دی ٹیلی گراف کی جانب سے جاری دنیا کی 20مہنگی ترین عمارتوں کی فہرست میں دو مہنگی عمارتیں سعودی عرب کے تاریخی شہر مکہ میں موجود ہیں ۔
فہرست میں پہلے نمبر پر مسجدالحرام اور دوسرے نمبر پر ابراج البیت، المعروف دی کلوک ٹاورز ہے۔
دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق مسلمانوں کے لیے مقدس ترین مقام، مکہ کی عظیم مسجد مسجدالحرام میں ایک وقت میں چالیس لاکھ افراد سما سکتے ہیں۔
مسجدالحرام 400,800 مربع میٹر (99 ایکڑ) پر محیط ہے جس کے بیرونی اور اندرونی حصوں میں نماز ادا کی جا سکتی ہے۔ تعمیراتی لاگت 100بلین ڈالر بتائی گئی ہے۔
مقدس ترین مقام پرحجر اسود بھی نصب ہے جسے نبی کریم ۖنے کعبہ کی دیوار میں اپنے دست مبارک سے لگایا تھا، یہاں مقام ابراہیمی بھی موجود ہے۔
یاد رہے کہ اس عمارت میں غیر مسلموں کو داخلے کی اجازت نہیں ہے۔
سعودی عرب کے شہر مکہ میں ہی عین مسجدالحرام کے ساتھ ابراج البیت ٹاورز تعمیر کیا گیا ہے جو کہ دنیا کے بلند ترین کلاک ٹاورز اور دنیا کے بلند ترین ہوٹل ہونے کا ریکارڈ اپنے نام کیے ہوئے ہے۔
عمارت میں نصب گھڑیال بھی دنیا کا سب سے بڑا گھڑیال ہے جس کا قطر 43 میٹر ہے، اسے دنیا کی تیسری بلند ترین عمارت بھی قرار دیا جاتا ہے جس کی بلندی 1,972 فٹ ہے۔

مزید پڑھیں:  مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائک کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات