خیبرپختونخوا میں چھتیں گرنے

خیبرپختونخوا میں چھتیں گرنے سے 3 افراد جاں بحق، 6 زخمی

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں چھتیں گرنے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع نوشہرہ، باجوڑ اور ہری پور میں چھتیں گرنے کے واقعات رونما ہوئے۔
ضلع نوشہرہ کی تحصیل جہانگیرہ خیرآباد کے مقام پر چپس ماربل فیکٹری میں واقع ایک رہائشی مکان کے کمرے کی چھت گر گئی۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق چھت گرنے کی صورت میں ضلع نوشہرہ میں 2 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
زخمی ہونے والوں میں عباس عمر 25 سال اور شمس الحق عمر 40 سال شامل ہیں، دونوں ضلع چارسدہ کے رہائشی تھے۔ مکان گزشتہ روز بارش کی وجہ سے خستہ حال ہوچکا تھا۔
ریسکیو 1122 نوشہرہ کی میڈیکل ٹیموں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا۔
ضلع ہری پور کے علاقے بکہ موڑ کے قریب بارش سے کچے مکان کی چھت گر گئی۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دو افراد دب گے۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ مقامی افراد نے ملبے تلے دبے ایک شخص کی لاش نکال لی جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کچے مکان کے ملبے تلے دب جانے والے دونوں افراد اینٹوں کی بھٹی میں مزدوری کرتے تھے، جاں بحق شخص کی شناخت خان گل کے نام سے ہوئی ہے۔
ضلع باجوڑ کے علاقے ماموند واڑہ خرکے میں بھی مکان کی چھت گر نے کا واقعہ رونما ہوا، چھت گرنے سے خاتون اور 10 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی جبکہ اس دوران 2 بچے زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے کے لوگوں نے اپنی مدد کے تحت امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے ملبے تلے دبے افراد کو نکالا۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی ایم کیمپ پر پولیس کارروائی،خیبرپختونخواحکومت نےملبہ وفاق پرڈال دیا