خیبرپختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ

خیبرپختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان، الرٹ جاری

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان پی ڈی ایم اے کی جانب سے ظاہر کیا گیا ہے، مختلف اضلاع میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
اس حوالے سے ادارے کی جانب سے جاری مراسلہ میں بتایا گیا ہے کہ کل شب سے بحیرہ عرب سے مزید مون سون ہوائیں صوبے کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔
ان ہواوں کے باعث خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، چارسدہ، ہنگو، کرم، وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بارشوں کا نیا سلسلہ 6 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے الرٹ میں بتایا گیاہے کہ بارشوں کے باعث صوبہ کے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور فلش فلڈ سمیت اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے، الرٹ میں ضلعی انتظامیہ کو گرد آلود ہوائیں، آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے باعث ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے جبکہ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاتی تدابیر اپنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور: خیبر پختونخو ا اسمبلی میں ڈی جی پی ڈی اے کے خلاف تحریک استحقاق جمع