آئی پی پیز معاملہ حل ہونے

آئی پی پیز معاملہ حل ہونے تک دھرنا ختم نہیں ہوگا، حافظ نعیم الرحمان

ویب ڈیسک: جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آئی پی پیز معاملہ حل ہونے تک ہمارا دھرنا ختم نہیں ہوگا، حکومت اب ہمارے مطالبات سے بھاگ رہی ہے۔
راولپنڈی میں دھرنے کے ساتویں روز اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی جو مطالبات کررہی ہے وہ حقیقت پر مبنی ہیں، حکومت اس سے منہ چھپاتے ہوئے اب مختلف لوگوں سے کہلوانا چاہ رہی ہے کہ جماعت اسلامی کے مطالبات قابل عمل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم کے پاس ہماری کسی بات کا جواب نہیں، جو بجلی بن ہی نہیں رہی اس کی قیمت بھی ہم سے وصول کی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں 1994سے ہی آئی پی پیز کا دھندا شروع ہوا، آئی پی پیز معاہدے جن لوگوں نے کیے، ان کو بھی فکس ہونا چاہیے تاکہ آئندہ قوم کے ساتھ مذاق نہ ہو۔
امیر جماعت اسلامی کے مطابق آئی پی پیز معاہدوں کی وجہ سے ہزاروں ارب روپے لوٹ لیے گئے، یہ لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی باتیں کہ معاہدے ختم نہیں کر سکتے، جن معاہدوں کی مدت ختم ہوگئی ہے ان کو ختم کیا جائے۔
دھرنے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جو بجلی مہنگے طریقے سے بن رہی ہے اس کے پیسے قوم کیوں ادا کرے، آئی پی پیز معاملہ حل ہونے تک دھرنا ختم نہیں ہوگا، تنخواہ دار طبقے پر بجٹ میں نیا سلیب لگایا جسے ختم کیا جانا چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس، آٹا، چینی، چاول اور بچوں کے دودھ پر بھی ٹیکس، یہ قوم کے ساتھ مذاق نہیں تو اور کیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ جس رکن ارکان اسمبلی اور سرکاری افسر کو گاڑی چلانی ہے، وہ پرائیویٹ پٹرول ڈلوائے، تمہارے گھر کی شاپنگ کا خرچہ مڈل کلاس اور تاجر برداشت نہیں کریں گے۔
شہید اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا
جماعت اسلامی کے زیر اہتمام راولپنڈی میں مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ شہید اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ امیر جماعت حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ کے شہادت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، سابق وزیراعظم فلسطین اتھارٹی اسماعیل ہنیہ کو شہید کر دیا گیا ہے، ہمیں تاریخ کا سبق یاد ہے حماس کی یہ تحریک کبھی رکے گی نہیں، ہمیشہ شہید ایک نئے انقلاب کا عنوان بن جاتا ہے۔

مزید پڑھیں:  سیالکوٹ میں گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ ،7افراد جاں بحق