کاغان میں پھنسے ہزاروں سیاحوں کا

بارش تھم گئِی، کاغان میں پھنسے ہزاروں سیاحوں کا انخلاء جاری

ویب ڈیسک: ضلع مانسہرہ میں بارش تھم گئِی، اس کے ساتھ ہی کاغان میں پھنسے ہزاروں سیاحوں کا انخلاء جاری ہے۔
مانسہرہ میں طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں کا سلسلہ تھم جانے کے بعد کاغان میں پھنسے ہزاروں سیاحوں کے بحفاظت انخلاء کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کے مطابق مہانڈری کے مقام سے پل بہہ جانے کے باعث شاہراہ کاغان اب تک بند ہے، پل بہہ جانے کے باعث پھنسے سیاحوں کو روانہ کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے ڈی سی کا مزید کہنا تھا کہ 400 سے زائد گاڑیوں کے قافلے پولیس کی حفاظت میں بابوسرٹاپ سے چلاس کے راستے روانہ کیے گئے ہیں، اس دوران ڈھائی ہزار کے قریب سیاح کاغان ناران میں موجود ہیں جبکہ نئے سیاحوں کے وادی کاغان آنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مہانڈری پل ٹوٹنے کے بعد سے معاملات الجھ گئے تھَے تاہم نئے پل کی تعمیر کے بعد وادی کاغان کو سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی کاغان میں کھانے پینے کی اشیاء وافر مقدار میں موجود ہیں، 24 گھنٹوں میں متبادل راستے کا انتظام کر دیا جائے گا۔
یاد رہے گزشتہ روز موسلا دھار بارش اور سیلابی ریلوں سے مہانڈری پل بہہ گیا تھا اور اس کے ساتھ ہی مانسہرہ میں مکانات، باغات، مساجد سمیت فصلوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ اب بارش تھم جانے کے ساتھ ہی ہزاروں سیاحوں کا واپس جانے کا پلان ترتیب دیا گیا ہے.

مزید پڑھیں:  ایرانی حکومت خطے کو تباہی کی طرف لے جانا چاہتی ہے، نیتن یاہو