کل یوم سوگ

حکومت کا اسماعیل ہنیہ کی شہادت پرکل یوم سوگ منانے کا اعلان

ویب ڈیسک: حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کی تہران میں شہادت پر حکومت پاکستان نے کل ملک بھر میں یوم سوگ منانے اور غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے بڑھتے ہوئے مظالم پر حکومت اور اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس آج اسلام آباد میں ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر قومی اسمبلی میں خصوصی قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔
شرکا نے اسرائیلی مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہوئے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا۔
اجلاس میں گزشتہ روز تہران میں حماس کے لیڈر اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کے دوران شرکا ء نے مشترکہ طور پر فلسطین میں 9 ماہ سے نہتے لوگوں پر جاری اسرائیلی ظلم پر غم و غصے کا اظہار کیا۔
شرکا نے اتفاق کیا کہ یہ واقعہ فلسطینیوں پر جاری ظلم بند کرنے اور خطے میں امن کے قیام کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ سازش ہے، ایسے واقعات دنیا کے امن کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں مزید کشیدگی کی فضا کو ہوا دیتے ہیں۔
اجلاس میں پرزور مطالبہ کیا گیا کہ نہتے فلسطینیوں کی فوری طور پر انسانی ہمدردی کے تحت امداد تک رسائی یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان فلسطین کو امدادی سامان کی ترسیل جاری رکھے گا اور مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کی طبی امداد کیلئے مثر اقدامات اٹھائے گا جس کے تحت فلسطینی زخمیوں کو علاج و معالجے کیلئے پاکستان لایا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فلسطینی میڈیکل طلبا کو اپنی تعلیم جاری رکھنے کیلئے پاکستان کے میڈیکل کالجز میں امدادی بنیادوں پر داخلہ دیا جائے گا۔
اجلاس نے اپنے فلسطینی بہن بھائیوں سے یکجہتی اور اسرائیلی ظلم کی دوٹوک مذمت کے طور پر کل دو اگست کو پاکستان بھر میں یوم سوگ منانے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں کل بعد از نمازِ جمعہ پورے ملک میں اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور پارلیمنٹ میں فلسطین کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار کیلئے ایک خصوصی قرارداد پیش کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
شرکا نے کہا کہ فلسطین میں جاری نسل کشی اور ریاستی ظلم سے اسرائیل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں، عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں اور عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہا ہے جبکہ بین الاقوامی برادری اس پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، استحکام پاکستان پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ق، پاکستان مسلم لیگ ضیا، نیشنل پارٹی کے سربراہان و سینئر نمائندے شریک ہوئے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی سیکورٹی صورتحال پر اِن کیمرا اجلاس طلب