وزیراعظم اسمبلی تحلیل

حکومت کو خطرہ ہے تو وزیراعظم اسمبلی تحلیل کر دیں: نیئر بخاری

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ حکومت کو خطرہ ہے تو وزیراعظم اسمبلی تحلیل کرکے نئے انتخابات کرا لیں ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران نیئر حسین بخاری کا کہنا تھا کہ حکومت کو خطرہ ہے تو ہم سے شیئر کیوں نہیں کیا، پارلیمنٹ میں حکومت کو مضبوط کرنے کے لیے تیار ہیں مگر وہ کچھ ڈیلیور توکرے۔
انہوں نے کہا کہ صدرآصف علی زرداری بارہا کہہ رہے ہیں کہ بیٹھ کر بات کرتے ہیں،حکومت کو خطرہ ہے تو وزیراعظم صدر کو ایڈوائس کریں اور اسمبلی تحلیل کرکے نئے انتخابات کرالیں۔
رہنماء پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ صدر زرداری کرداراداکر سکتے ہیں مگرکوئی بیٹھنے کو تیار تو ہو، پیپلزپارٹی آئینی بالادستی پریقین رکھتی ہے، حل بھی آئین کے مطابق نکلے گا مگر اگر سسٹم ڈی ریل ہوگیا تو نقصان ملک کا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی قابل اعتبار نہیں، وہ بات کر کے پھر جانے والے ہیں، وہ ایک دن کہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ سے بات کرکو تیار ہوں اگلے روز کچھ اورکہتے ہیں،بانی پی ٹی آئی یوٹرن کو اپنی سیاست کی معراج سمجھتا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنماء نے مزید کہا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کاکریڈٹ بے نظیر بھٹو کو جاتا ہے، اگر پرویز مشرف کی یونیفارم نہ اترتی تو کیا نوازشریف واپس آ جاتے؟
نیئر بخاری نے کہا کہ عام انتخابات سے قبل پارٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ بلاول بھٹو وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے، ہم نے 8 فروری کے انتخابات کے نتائج کو تحفظات کے ساتھ قبول کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو منصوبے کے تحت کچھ نشستیں نہیں دی گئیں، اگر ن لیگ کا ساتھ نہ دیتے تو کیا آج پارلیمان اور چیف ایگزیکٹو کا آفس چل سکتا؟

مزید پڑھیں:  مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائک کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات