حافظ نعیم کو مناظرے کا چیلنج

وزیر توانائی کا آئی پی پیز کے معاملے پر حافظ نعیم کو مناظرے کا چیلنج

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے (آئی پی پیز)کے معاملے پر جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کو مناظرے کا چیلنج دے دیا ہے ۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے معاملے کو اجاگر کرنا قابل تعریف ہے لیکن اس پر سیاست مناسب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاملے پر حافظ نعیم کے ساتھ اوپن مناظرے کے لیے تیار ہوں،امیر جماعت اسلامی اپنے ساتھ دو چار انجینئرز بھی لے آئیں، میں اکیلے گریٹ ڈیبیٹ کے لیے تیار ہوں۔
خیال رہے کہ امیر جماعت اسلامی حکومت کو خبردار کرچکے ہیں کہ آئی پی پیز کے معاملے پر سپریم کورٹ بھی جاسکتے ہیں۔ کون سچ اور کون جھوٹ بولتا ہے، میڈیا کے سامنے مذاکرات کیے جائیں سب سامنے آجائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بجلی خریدنے کے معاہدے دکھائے جائیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ حکومت کے ملکیتی آئی پی پیز کے کیپسٹی چارجز عوام ادا نہیں کریں گے جن آئی پی پیز کے معاہدے مدت مکمل کر چکے انکو ختم کیا جائے ان معاہدوں پر جب تک نظر ثانی نہیں ہو گی دھرنا ختم نہیں ہو گا۔

مزید پڑھیں:  مہنگائی اپنے پورے عروج پر ، حکومتی دعوے دھرے رہ گئے