عوامی مطالبات ماننا

وزیراعظم کو عوامی مطالبات ماننا ہونگے ،امیر جماعت اسلامی

ویب ڈیسک: جماعت اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو عوامی مطالبات ماننا ہوں گے ورنہ دھرنا تحریک کہیں ان کی وزارت عظمی ہی نہ لے ڈوبے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں گورنر ہائوس کے سامنے بیٹھے دھرنا مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو دھرنوں کاسلسلہ پختونخوا سے بلوچستان تک جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزرا میٹنگ میں کہتے ہیں جماعت کی تجاویز قابلِ عمل ہیں مگر میڈیا میں کہتے ہیں تجاویز قابلِ عمل نہیں ہیں، بجلی کے بل کم کرنے میں ہی حکومت کی نجات ہے ۔
حافظ نعیم کا مزید کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقہ 368ارب روپے کا ٹیکس ادا کررہا ہے اور سارا بوجھ تنخواہ دار طبقہ اٹھائے ہوئے ہے مگر جاگیرداروں سے انکم ٹیکس کیوں وصول نہیں کیا جاتا؟ اب یہ نہیں چلے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو دھرنوں کاسلسلہ پختونخوا سے بلوچستان تک جائیگا، وزیراعظم کو عوام کے غصے سے بچنا ہے تو عوامی مطالبات ماننا ہوں گے ورنہ دھرنا تحریک کہیں ان کی وزارت عظمی ہی نہ لے ڈوبے۔
واضح رہے کہ آئی پی پیز سے معاہدوں، مہنگی بجلی اور تنخواہ دار طبقے پر اضافی ٹیکسوں کیخلاف جماعت اسلامی کا راولپنڈی میں دیا گیا دھرنا بھی جاری ہے جب کہ کراچی میں گورنر ہاوس کے باہر بھی دھرنا دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  آرٹیکل 63اے کی تشریح سے متعلق نظرثانی اپیلوں پر سماعت آج پھر ہوگی