چینی برآمد کرنے پر پابندی

چینی برآمد کرنے پر پابندی، خیبرپختونخوا حکومت سے جواب طلب

ویب ڈیسک: چینی برآمد کرنے پر پابندی کے خلاف عدالت نے دائر درخواست پر خیبرپختونخوا حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
چینی برآمد کرنے پر پابندی کے خلاف درخواست پر پختونخوا حکومت کو عدالت کی جانب سے نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس سید ارشدعلی اور جسٹس محمد اعجاز خان صابی پر مشتمل دع رکنی بینچ نے صوبائی حکومت کی جانب سے چینی کی برآمد پر پابندی کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔
اس موقع پر درخواست گزاروں کے وکیل اسحاق علی قاضی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ صوبائی حکومت چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت نہیں دے رہی۔
انہوں نے اپنے دلائل میں بتایا کہ چینی ایکسپورٹ پر پابندی سے گنے کے کاشتکاروں کا نقصان ہو رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں زرمبادلہ بھی ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کے پاس ایکسپورٹ پر پابندی کا اختیار نہیں ہے۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ صوبے میں چینی کے ذخائر کی وافر مقدار موجود ہے، اس کے باوجود برآمدات پر پابندی سے درخواست گزاروں کو اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔
بعد ازاں پشاور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے صوبائی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 اگست تک جواب طلب کرلیا۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن پر لچک کا مظاہرہ کر رہے ہیں،الیکشن کمیشن