بیڈ گورننس کمیٹی

شکیل خان نے گڈ گورننس کمیٹی کو بیڈ گورننس کمیٹی قرار دیدیا

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے سابق وزیر شکیل خان نے عمران خان کی ہدایت پر قائم کی گئی گڈ گورننس کمیٹی کو بیڈ گورننس کمیٹی قرار دیتے ہوئے خود پر لگے کرپشن الزامات کی جوڈیشنل انکوائری کا مطالبہ کیا۔
برطرف صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے قائم کی گئی کمیٹی بیڈ گورننس کمیٹی ہے،میں اپنے اوپر لگے الزامات سے متعلق نیب انکوائری کے لیے بھی تیار ہوں۔
شکیل خان نے مزید کہا کہ سابق صدر مملکت عارف علوی نے عمران خان سے جلد ملاقات کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ملاقات میں سب بتاؤں گا، 8 ستمبر کے جلسے تک خاموش ہوں، جلسے کے بعد موقف عوام کے سامنے رکھوں گا۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کابینہ کے سابق رکن اور صوبائی وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس شکیل احمد خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر محکمے میں مداخلت اور بیڈگورننس کے الزامات عائد کرتے ہوئے مستعفی دیا تھا ۔
شکیل خان نے الزام عائد کیا تھا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کسی اور کے اشاروں پر کام کر رہے ہیں، صوبائی حکومت اپنے بنیادی اصولوں اور وعدوں پر سمجھوتا کر رہی ہے، حکومت اپنے اصولی مقف سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ شکیل خان نے استعفیٰ نہیں دیا بلکہ میں نے انہیں فارغ کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  صوبائی کابینہ کے اراکین کیلئَے بہترین کارکردگی پر انعامات کا اعلان