مہنگے بجلی بلوں کیخلاف متحد

مہنگے بجلی بلوں کیخلاف متحد ہو کر تحریک چلانا ہوگی، ایمل ولی خان

ویب ڈیسک: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ مہنگے بجلی بلوں کیخلاف متحد ہو کر تحریک چلانا ہوگی۔ رواں ماہ پختونخوا کے بجلی کے حقوق کیلئے تحریک کا آغاز کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگے بجلی بلوں کیخلاف متحد ہو کر تحریک چلانا ہوگی اور اس کیلئے سب کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ پنجاب میں پنجاب کے سٹیک ہولڈرز کی حکومت ہے تو وہاں عوام کیلئے ائیر ایمبولنس لائی جا رہی ہے، انہیں بجلی بلوں میں ریلیف دیا جا رہا ہے۔
خیبرپختونخوا میں پختونوں کا معاملہ اس سے بالکل الٹ ہے، یہاں پختونوں کو ٹرک کے پیچھے لگا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں امن قائم کرنا کبھی بھی موجودہ حکام کی ترجیح نہیں رہی۔ دہشتگردوں کو بنانے والے کون ہیں؟ تاریخ دہرائی جا رہی ہے۔
مرکزی صدر اے این پی کا کہنا تھا کہ کل روس گرم پانی کی طرف آرہا تھا، تو امریکہ خوش نہیں تھا اور افغانستان میدان جنگ بن گیا۔ آج چین گرم پانی کی طرف آرہا ہے، امریکہ پھر بھی خوش نہیں لیکن اب کی بار اگر جنگ ہوئی تو بدقستمی سے میدان پاکستان ہوگا۔
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ ملک کھائی کی طرف جارہا ہے، موجودہ حالات میں پاکستان کی مثال ایک بغیر ڈرائیور کی گاڑی ہے جہاں ہر کوئی ڈرائیونگ کی ذمہ داری دوسرے پر ڈالتا دکھائی دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کے مینڈیٹ کو جوتوں کے نیچھے رکھا گیا ہے جبکہ حالات کی ذمہ داری سیاست دانوں پر ڈالی جاتی ہے۔
ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت حاکم نہیں غلام ہے، ربر سٹیمپ اور مہروں کا کردار ادا کر رہی ہے۔ کون اندرونی اور بیرونی معاملات چلا رہے ہیں سب جانتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  رنگ روڈ پر تجاوزات کیخلاف آپریشن ، ڈی جی پی ڈی اے اور ایم این اے تنازعہ شدید