الیکشن کمیشن انکار

الیکشن کمیشن کا پارلیمنٹ کو انتخابی اخراجات کی تفصیلات دینے سے انکار

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پارلیمنٹ کو ممبران، ملازمین کی تنخواہوں اور انتخابی اخراجات کی تفصیلات دینے سے انکار کر دیا ہے ۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور کا ہمایوں مہمند کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس کے ایجنڈے میں الیکشن کمیشن ممبران، ملازمین کی تنخواہ، سفر کے اخراجات اور 8فروری کے الیکشن خراجات کی تفصیلات مانگی گئی تھیں۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے وزارت پارلیمانی امور کو خط میں کہا کہ الیکشن کمیشن آزاد آئینی ادارہ ہے، کسی وزارت کے ماتحت نہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور کے دائرہ اختیار میں نہیں، الیکشن کمیشن کے اخراجات چارجڈ اخراجات میں آتے ہیں۔
خط کے متن کے مطابق الیکشن کمیشن کے بجٹ پر قومی اسمبلی میں ووٹنگ نہیں ہوتی، الیکشن کمیشن مانگی گئی معلومات کمیٹی کو دینے کا پابند نہیں، الیکشن کمیشن، الیکشن قوانین اور آئینی معلات پر قانون سازی کے معاملات پر معاونت کر سکتا ہے۔
چیئرمین کمیٹی ہمایوں مہمند نے کہا کہ الیکشن کمیشن والے کہتے ہیں وہ پارلیمنٹ کو جواب دہ نہیں جس پارلیمنٹ نے ان کی تخلیق کی اس کو وہ کہتے ہم آپ کو جوابدہ نہیں، رولز کے تحت ہمیں کسی شخص کو طلب کرنے، دستاویزات، ریکارڈ لینے کا اختیار ہے، الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کو ہم بلا سکتے ہیں۔
سیکرٹری پارلیمانی امور نے کہا کہ وزارت پارلیمانی امور کے اختیار میں الیکشن کمیشن کا قانون سازی کا معاملہ شامل ہے۔
سینر محسن عزیز نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے لیٹر کو مسترد کر دینا چاہیے، پی اے سی میں الیکشن کمیشن آیا تھا۔
سیکریٹری پارلیمانی امور نے کہا کہ معاملہ چیئرمین سینیٹ کے پاس بھیج کر ان کی رہنمائی اور رائے لی جائے۔
ہمایوں مہمند نے کہا کہ میں اس پر استحقاق کمیٹی جائوں گا، یہ سینیٹ کی تضحیک ہے ہم چیئرمین سینیٹ کی رائے لے لیتے ہیں، میری رائے میں تو استحقاق کمیٹی کے پاس جانا چاہیے لیکن پرویز رشید کی رائے پر میں تھوڑا صبر کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں:  سٹاک ایکسچینج میں مندی، 81ہزار122 پوائنٹس کی حد برقرار