ترقیاتی منصوبوں کے معیار

ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا،علی امین گنڈا پور

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی ۔
اجلاس میں گزشتہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل مختلف شعبوں کے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جن میں صحت، تعلیم، بلدیات، آبنوشی، آبپاشی، مواصلات، سیاحت، کھیل اور دیگر شامل ہیں۔
اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص فنڈز، ریلیزز اور جاری فنڈز کے استعمال کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ترجیحی منصوبوں اور تکمیل کے قریب منصوبوں کی جلد تکمیل صوبائی حکومت کی پہلی ترجیح ہے،منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے درکار فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات جلد عوام تک پہنچ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کو حقیقت پسندانہ اور عوامی ضروریات کے مطابق بنانا ہے، ایسے ترقیاتی منصوبوں کا کوئی فائدہ نہیں جو سالہا سال تک مکمل نہ ہوسکیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد عوام کو بروقت سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے، ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے کنٹریکٹرزکے بقایاجات کو کم سے کم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی کہ تمام محکمے رواں مالی سال کے دوران ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے ترجیحات کا تعین کریں،صوبائی حکومت فل فنڈنگ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل غیر منظور شدہ منصوبوں کے پی سی ونز جلد تیار کریں اورانتظامی سیکرٹریز اپنے محکموں کے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے لئے جائزہ اجلاس باقاعدگی سے منعقد کریں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ انتظامی سیکرٹریز ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے بارے میں محکمہ منصوبہ بندی کو آگاہ کریں۔

مزید پڑھیں:  جعلی پارلیمنٹ کے پاس آئینی ترامیم کا حق نہیں، مولانا فضل الرحمن