ملٹری ٹرائل نہیں ہو گا

عمران خان کا ملٹری ٹرائل نہیں ہو گا: عمر ایوب

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ملٹری ٹرائل نہیں ہو گا۔
سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا اگر 9مئی کے ثبوت ہیں تو سامنے لائے جائیں، اپوزیشن جماعت ملک اور جمہوریت کی بقا کی جدو جہد کررہی ہے۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے جن رہنماؤں کے فوجی ٹرائل ہو رہے ہیں وہ سیاسی قیدی ہیں، بانی عمران خان کا فوجی ٹرائل نہیں ہو گا۔
اختر مینگل کے مستعفی ہونے سے متعلق سوال پر پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا اختر مینگل سے کہا ہے کہ وہ اپنا استعفیٰ واپس لے لیں، بلوچستان آگ میں جل رہا ہے لیکن کسی کو فکر نہیں۔
ان کا کہنا تھا بجلی سستی کرنے کا اعلان کر کے اگلے دن ہی بجلی منہگی کردی گئی، فارم 47 کی حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ چینی اور گندم اسکینڈل میں محسن نقوی براہ راست ملوث ہیں، گندم اسکینڈل کی انکوائری ایف آئی اے کر رہی ہے جو محسن نقوی کے ماتحت ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا تھا عمران خان کا ملٹری ٹرائل ہوا تو سب کے سامنے ہو گا، بانی پی ٹی آئی کے ملٹری ٹرائل کے لیے فوج کو کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

مزید پڑھیں:  درباری وزراء کے چیلنج کے باوجود قافلہ اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے