ملک خیرات پر نہیں چل سکتا

ملک خیرات پر نہیں چل سکتا، ٹیکس ادا کرنا ہوں گے: وفاقی وزیر خزانہ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک خیرات پر نہیں چل سکتا، اس کے لیے ٹیکس ادا کرنا ہوں گے، پرائیویٹ سیکٹر کو آگے بڑھ کر ملک کو لیڈ کرنا ہوگا۔
سینیٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جب تک ہم عوام کا اعتماد ٹیکس اتھارٹی پر بحال نہیں کرسکتے آگے نہیں بڑھا جاسکتا، یہ ممکن نہیں ہوسکتا کہ ٹیکس ادا کیے بغیر آپ ترقی کریں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال میں کرنسی مستحکم ہے جبکہ مہنگائی سنگل ڈجٹ میں آگئی ہے، جولائی اور اگست میں برآمدات بھی بہت بہتر ہوئی ہیں، اگر ہم ادارہ جاتی اصلاحات لے آتے ہیں تو یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہوگا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے سینیٹر شبلی فراز کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پرائیوٹ سیکٹر کا کریڈٹ ہاف ٹریلین سے بڑھا ہے، حکومت کو فسکل ڈسپلن دکھانا ہوگا، وزیراعظم کہہ چکے ہیں حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ پرائیویٹ سیکٹر کو کام کرنا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ جب تک ہم اعتماد نہیں لاتے آگے نہیں بڑھ سکتے، وزیراعظم نے لوگوں کے ردوبدل کرنا شروع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 240 ملین لوگوں کو ہم جوابدہ ہیں لیکن ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہم ٹیکس اس لئے نہیں دیں گے کہ ٹیکس اتھارٹی پر یقین نہیں، نجی شعبوں میں قرض بڑھا ہے، پرائیویٹ سیکٹر کو آگے بڑھنا ہوگا، ملک کو پرائیویٹ سیکٹر لیڈ کرے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن والی بات سے اتفاق کرتا ہوں، جب تک ہم عوام کا اعتماد ٹیکس اتھارٹی پر بحال نہیں کرسکتے آگے نہیں بڑھا جاسکتا۔

مزید پڑھیں:  امل ملیشیا سے حزب اللہ، حسن نصراللہ کی مثالی کامیابی کاسفر