بنیادی حقوق کے منافی کسی ترمیم

جے یو آئی بنیادی حقوق کے منافی کسی ترمیم کا حصہ نہیں بنے گی ،مولانا عبدالغفور

ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے واضح کیا ہے کہ جے یو آئی بنیادی حقوق کے منافی کسی ترمیم کا حصہ نہیں بنے گی ۔
کراچی میں صحافیوں بات چیت کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا آئین کو کھیل نہ بنائیں، اگر ترمیم کرنی ہے تو تقاضے بھی پورے کریں۔
عبدالغفور حیدری نے کہا کہ آئین میں آرڈیننس کی کوئی اہمیت نہیں اور اسے صرف وقتی طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے،آئینی ترامیم پر واضح موقف اپنا کر ہم نے پوری قوم کو مشکل سے بچا لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دو نوجوان پوری قومی شاہراہ بند کر دیتے ہیں، بلوچستان کے حالات اس نہج پر کیسے پہنچے؟ بلوچستان کے وسائل پر وفاق نے قبضہ کیا ہوا ہے۔
رہنماء جے یو آئی کا کہنا تھا کہ طاقت کا استعمال کیا جائے گا تو مزید خرابیاں پیدا ہوں گی، طاقت کے ذریعے بلوچستان کا مسئلہ حل نہیں ہو سکتا، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سنجیدہ مطالبات کو دیکھ کرانہیں حل کیا جائے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ کچے کا چھوٹا سا علاقہ ہے مگر آئے دن لوگوں کو اغوا کیا جاتا ہے، ان علاقوں میں کہیں بھی حکومت کی رٹ دکھائی نہیں دے رہی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی عہدیدار اعتراف کرچکے ہیں کہ حکومت نہیں چل رہی، یہ حکومت مزید نہیں چل سکتی اس لیے فوری طور پر صاف شفاف انتخابات کرائے جائیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور پولیس لائنز بم دھماکے میں ملوث پولیس ہیڈ کانسٹیبل گرفتار