جبالیہ میں سکول پر اسرائیلی بمباری

جبالیہ میں سکول پر اسرائیلی بمباری ، 15 فلسطینی شہید

ویب ڈیسک: غزہ کے بعد اب جبالیہ میں سکول پر اسرائیلی بمباری ہونے لگی ہے، اس واقعہ میں جہاں 15 فلسطینی شہید ہوئے ہیں وہیں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے جبالیہ میں ایک سکول پر شدید بمباری کردی، جس کے نتیجے میں 15فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں حفصہ فلوجیہ سکول کو نشانہ بنایا۔ اس سکول کے پناہ گزین کیمپ میں سینکڑوں فلسطینی خواتین اور بچوں نے پناہ لی ہوئی تھی۔
دیگر علاقوں کی طرح سکول پر اسرائیلی بمباری نے ہر طرف تباہی مچا دی، خواتین اور بچوں کی چیخوں سے قیامت صغریٰ کا منظر تھا۔ امدادی کاموں کے لیے جانے والی ایمبولینسوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ جبالیہ کے سکول میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی ہے۔
صیہونیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے سے پہلے انتباہ بھی جاری کیا گیا تھا لیکن کسی نے کان نہ دھرا۔ اس سے قبل بھی کئی بار اسرائیلی افواج ایسا اقدام کر چکی ہیں کہ پہلے حملہ کرتی ہیں اور پھر اس کے بعد تردید کر دیتی ہے.
فلسطینی وزارت صحت نے اسرائیلی بمباری میں 15 افراد کے شہید اور 40 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 44 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 98 ہزار سے زائد ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ اسرائیل یہ سب کچھ امریکی پشت پناہی پر کر رہا ہے، اس کو امریکی سپورٹ حاصل ہے جس کا کئی بار امریکہ خود بھی اقرار کر چکا ہے .

مزید پڑھیں:  وزیراعظم نے پری فلڈ ٹیکس نظام کی منظوری دیدی