راولپنڈی میں دفعہ 144نافذ

پی ٹی آئی احتجاج کے باعث راولپنڈی میں دفعہ 144نافذ، لیاقت باغ سیل

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی احتجاج کے باعث راولپنڈی میں دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے، اس کے ساتھ ہی لیاقت باغ سیل کر کے اس کے گیٹ میں رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں۔
لیاقت باغ کو سیل کر دیا گیا ہے، اس کے مرکزی گیٹ کے ساتمنے رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ مری روڈ کے اطراف میں بھی کنٹینرز کھڑے کئے گئے ہیں۔ تاکہ کسی قسم کی احتجاجی ریلی کا گزر نہ ہو سکے۔
مری روڈ سے لیاقت باغ جانے والے راستے اور فیض آباد کے مقام پر کنٹینر رکھ کر بلاک کردیا گیا ہے۔
تحریک انصاف کے جلسہ کے پیش نظر دیگر رکاوٹوں کے ساتھ ساتھ راولپنڈی میں آج موبائل سروس بھی جزوی طور پر بند رکھنے کا پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ دیگر پابندیوں میں راولپنڈی صدر سٹیشن تا آئی جے پی سٹیشن تک میٹروبس سروس مکمل طور پر بند رہے گی۔
ادھر راولپنڈی سے 50 کلومیٹر دور مری گھوڑا گلی کے مقام کو ٹرک لگا کر بند کر دیا گیا ہے، مری موٹروے بھی بند کر دی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی احتجاج کے باعث راولپنڈی میں دفعہ 144نافذ کرنے سے ملازمین ، طلبہ اور کاروباری افراد شدید دشواری کا شکار ہیں۔ سڑکوں کی بندش کے باعث مال گاڑیاں پھنس کر رہ گئیں جس سے کروڑوں روپے کا سامان خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری طرف وزیراعلی خیبرپختونخوا علی آمین گنڈاپور کی جانب سے پی ٹی آئی عہدیداروں سے راولپنڈی احتجاج کے لیے ملاقاتوں کے دوران تمام کارکنان کے قافلے صوابی انٹرچینج پہنچنےکی ہدایت کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ تمام رکاوٹوں کو بھاری مشینری سے ہٹایاجائےگا، اس دوران اسلام آباد راولپنڈی میں کارکنوں کو حساس مقامات پر نہ جانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق قافلوں میں موجود مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے گی، خیبرپختونخوا کے مرکزی قافلہ وزیراعلی خود لیڈ کرینگے۔

مزید پڑھیں:  لکی مروت دھرنے میں شرکت کرنے پر ڈی آئی خان پولیس4اہلکار برطرف