عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی

عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی نے کارکنان کو تشویش میں مبتلا کر دیا

ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی سمجھ سے بالا تر ہے، عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی نے کارکنان کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے تشویشناک خبریں موصول ہو رہی ہیں، ان سے ملاقاتوں پر پابندی سے کارکنان میں انتہائی تشویش ہے۔ کسی کو سمجھ نہیں آ رہی کہ زیر حراست شخص کے ساتھ ملاقاتوں پر پابندی کیوں لگائی گئی۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ہمارے ریسکیو اور پولیس اہلکاروں کو بھی غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا جا رہا ہے، اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ غیر قانونی طور پر حراست میں سرکاری اہلکاروں اور پی ٹی آئی ورکرز پر تشدد کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تشدد کی تصدیق کے بعد ذمہ دار اہلکاروں کو نشان عبرت بنائیں گے، خیبرپختونخوا اسمبلی اراکین ملک لیقت اور انور زیب خان کو بھی غیر قانونی طور پر پابند سلاسل رکھا گیا ہے۔
صوبائی مشیر نے بتایا کہ شریف خاندان کی ناجائز حکومت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں، وفاقی حکومت نے کے پی ہائوس اسلام آباد میں بھی توڑ پھوڑ کی ہے، ایسے اقدامات ناقابل برداشت ہیں اور فیڈریشن پر حملہ ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ غیر قانونی طور پر اختیارات کے استعمال کے مرتکب اہلکاران کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے، اگر ہمارے صوبے سے تعلق رکھنے والوں پر تشدد کیا جائے گا تو ہم بھی اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔
مشیر اطلاعات نے بتایا کہ ہم ریاستی جبر کے خلاف تمام قانونی اور سیاسی پلیٹ فارمز پر لڑیں گے، سبن سے بڑھ کر عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی نے کارکنان کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔

مزید پڑھیں:  پشاور میں جرگے کے دوران فائرنگ سے 3افراد جاں بحق ،متعدد زخمی