بلدیاتی افسران کیخلاف کرپشن

بلدیاتی افسران کیخلاف کرپشن کی 37تحقیقات فائلوں میں دفن

ویب ڈیسک : محکمہ بلدیات نے سینئر افسران کیخلاف قومی احتساب بیورو کی جانب سے بھیجی جانیوالی 37تحقیقات کو فائلوں میں دفن کردیا۔ جس پر صوبائی حکومت نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر اندر پیش رفت طلب کرلی ہے ۔محکمہ بلدیات نے مذکورہ تحقیقات کے حوالے سے کل بروز منگل اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں ڈائریکٹر جنرل بلدیات، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ اور ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے ۔
ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو نے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور لوکل کونسل بورڈ سمیت ڈائریکٹوریٹ کے افسران کیخلاف 37تحقیقات صوبائی حکومت کو بھیجی تھیں تاہم ان تحقیقات پر اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے ۔افسران کیخلاف سنگین الزامات کی تحقیقات نہ ہونے پر صوبائی حکومت نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور محکمہ بلدیات سے ایک ہفتے کے اندر اندر رپورٹ طلب کرلی ہے۔
دوسری جانب محکمہ بلدیات نے صوبائی حکومت کو پیش رفت سے آگا ہ کرنے کیلئے ذیلی تینوں اداروں کے سربراہان کو کل طلب کرلیا ہے۔ ڈپٹی سیکرٹری بلدیات کی سربراہی میں طلب اجلاس میں مذکورہ 37تحقیقات سے متعلق رپورٹ طلب کی جائیگی جسے بعد ازاں صوبائی حکومت کو ارسال کیاجائیگا۔

مزید پڑھیں:  یقین ہے کہ آئینی ترامیم پر فضل الرحمان راضی ہو جائیں گے،عرفان صدیقی