سالانہ تعطیلات میں اساتذہ کا سفری الائونس بحال کردیاگیا

ویب ڈیسک : محکمہ ابتدائی تعلیم نے سکولوں میں سالانہ تعطیلات کے دوران اساتذہ سے کاٹا جانے والا کنونس الائونس بحال کر دیا ہے۔ گذشتہ سال جولائی سے اب تک تنخواہوں میں کاٹے گئے تمام پیسے ٹیچرز کو واپس کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ تمام سرکاری سکولوں میں موسم سرما اور گرما کی سالانہ تعطیلات کے دوران ٹیچرز کو سفری الائونس نہیں دیا جاتا اور چھٹیوں کی مدت کے دوران ٹیچرز کی تنخواہ سے ماہانہ بنیادوں پر کٹوتی کی جاتی ہے ۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اس اقدام کو2019میں بعض اضلاع کے سکول ٹیچرز کی جانب سے خیبرپختونخوا سروسز ٹریبونل میں چیلنج کر دیا گیا تھا اس کے بعد کے سالوں میں بھی یہ معاملہ دیگر ٹیچرز کی جانب سے سروسز ٹریبونل میں اٹھایا گیا جس پر سروسز ٹریبونل نے ٹیچرز کی اپیل پر کنونس الائونس بحال کرنے کا حکم جاری کیا تھا ۔ذرائع کے مطابق سروسز ٹریبونل کے فیصلوں پر عملدر آمد نہ ہونے کا اقدام سپریم کورٹ میں بھی خیبر پختونخوا حکومت بنام مسقط خان زیر سماعت تھا جس میں سپریم کورٹ نے بھی ٹیچرز کے حق میں فیصلہ جاری کیا۔
اس کے ساتھ ساتھ سروسز ٹریبونل میں بھی عملدر آمد کیس داخل کرایا گیا جس میں سروسز ٹریبونل نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کو فیصلے پر سختی کے ساتھ عمل در آمد کی ہدایت اور سیکرٹری اور ڈائریکٹر ایجوکیشن کی تنخواہیں عمل درآمد سے مشروط کی تھیں اس حوالے سے گذشتہ روز محکمہ ابتدائی تعلیم کی جانب سے کنونس الائونس کی بحالی کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ کے7جولائی2022کے فیصلے کی روشنی میں سکول ٹیچرز کا دوران سالانہ تعطیلات کنونس الائونس بحال کر دیا گیا ہے اور ٹیچرز سے تنخواہوں میں کاٹی گئی رقوم واپس کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

مزید پڑھیں:  عدالتی نظام درست کرنے کیلئے ملک میں آئینی عدالت ناگزیر ہے: بلاول