موٹر سائیکل سواروں نے گلبہار بی آرٹی انڈر پاس کو شاہراہ عام بنا دیا

ویب ڈیسک :موٹر سائیکل سواروں نے بی آرٹی گلبہار اسٹیشن کے انڈر پاس کو شاہراہ عام بنا دیا ، انڈر پاس میں موٹر سائیکلوں کی بھرمار ہے جو دوسرے شہریوں کیلئے پریشانی کا سبب بن رہے ہیں جبکہ دوسری جانب سیکورٹی اہلکار بھی انہیں روکنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں ۔ بی آرٹی اسٹیشن گلبہار کے انڈر پاس کے دونوں اطراف کچھ عرصہ قبل رکاوٹیں کھڑی کرکے موٹرسائیکلوں اور سائیکلوں کی آمدورفت کو بند کر دیا گیا تھا تاہم بعض وجوہات کی بناء پر رکائوٹیں/بلاکس ہٹا دی گئیں
جس کے بعد موٹرسائیکل اورسائیکل سواروں نے انڈر پاس کو مستقل گزرگاہ بنا دیا ہے جس کی وجہ سے ایک طرف گرد و غبار بڑھ رہی ہے تو دوسری طرف چڑھائی پر رفتارتیز کرنے سے شورشرابا بھی بنتا ہے جبکہ اس سے حادثات بھی رونما ہوسکتے ہیں ۔ شہریوں کے مطابق جب یہاں سیکورٹی اہلکار کھڑے ہیں تو پھر کس طرح یہاں موٹرسائیکل سوار داخل ہورہے ہیں ؟ انہوں نے بتایا کہ انڈر پاس میں کھڑے بی آر ٹی سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے موٹرسائیکل سواروں کو موٹرسائیکل سے اترنے کا مشورہ تو دیا جاتا ہے تاہم ان کی غیر موجودگی پر وہ اس کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور اپنی بے حسی اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ بی آر ٹی اسٹیشن کے ہیڈ کے مطابق انہوں نے صبح وایوننگ شفٹس کیلئے دوسیکورٹی اہلکاروں کی ڈیوٹی لگائی ہے تاہم بعض موٹرسائیکل سواروں کو روکنے پر وہ ان سے لڑائی جھگڑا شروع کردیتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  افغانیوں کو بلیو پاسپورٹ کا اجراء : تحقیقات میں اہم پیش رفت