واپڈا ملازمین اسلام آباد دھرنے میں شرکت

واپڈا ملازمین کا اسلام آباد دھرنے میں شرکت کا اعلان

ویب ڈیسک:آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین خیبر پختونخوا نے 9 مارچ کو اعلان کردہ دھرنے میں شرکت کا اعلان کر دیا۔ یونین کے مرکزی قائدین کی کال پر ملک بھر میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی مبینہ نجکاری، مہنگائی، بیروزگاری، بھرتی میں غیر معمولی تاخیر اور واپڈا ملازمین کے فری یونٹس کے خاتمے کیخلاف 9 مارچ کو سندھ، بلوچستان ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ہزاروں محنت کش 9 مارچ کو اسلام آباد دھرنے میں شرکت کرینگے۔ صوبائی چیئرمین محمد اقبال نے حکومت، وزارت پاور ڈویژن اور پیپکو انتظامیہ کو خبردار کیا کہ ملک و قوم کے روشن مستقبل کی خاطر اور عوام کو سستی ترین بجلی کی فراہمی کیلئے واپڈا کی نجکاری کا فیصلہ واپس لیکر ملک بھر کی جملہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو تحلیل کر کے ماضی کی طرح واپڈا میں ضم کیا جائے تاکہ غیر ضروری اخراجات پر قابو پا کر واپڈا کو منافع بخش ادارہ بنایا جا سکے۔
نیز مہنگائی اور بیروزگاری کا خاتمہ کر کے بیانات کے بجائے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور واپڈا میں ہزاروں خالی اسامیوں پر فی الفور بھرتی شروع کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے واپڈا کی نجکاری کا فیصلہ واپس نہیں لیا تو 9 مارچ کو اسلام آباد دھرنے میں شرکت کرکے غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال شروع کر دی جائیگی۔

مزید پڑھیں:  ہسپتالوں نے ادویات خریداری کےلئے مستقل بجٹ مانگ لیا