کوہاٹ ٹریفک حادثہ کا شکار بچی

ایک اورزخمی بچی پشاوراورکوہاٹ کے ہسپتالوں میں گیند بن گئی

ویب ڈیسک: کوہاٹ میں ٹریفک حادثہ کا شکار بچی کوہاٹ اور پشاور کے ہسپتالوں کے درمیان پنڈولم بننے کے بعد گزشتہ روز ایل آر ایچ میں داخل کرا دی گئی ہے مذکورہ 8 سالہ بچی گزشتہ شام کوہاٹ بنوں روڈ پر موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہوئی تھی، والدین اسے بے ہوشی کی حالت میں کوہاٹ ہسپتال لے کرگئے لیکن سی ٹی سکین مشین نہ ہونے کی وجہ سے بچی کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال ریفر کیا گیا جہاں پر بچی کا سی ٹی سکین کیا گیا سی ٹی سکین رپورٹ کے مطابق سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے دماغ کے اندرونی حصے شدید متاثر ہوئے تھے
لیکن لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں بستر دستیاب نہیں تھا جس کی وجہ سے بچی کو رات کے11بجے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس ریفر کیا گیا جہاں تین گھنٹے گزارنے کے بعد دوبارہ اسکا سی ٹی سکین کرایا گیا مگر حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں بچی کیلئے بیڈ دستیاب نہیں تھا جس کے بعد آکسیجن سلنڈرز کے ساتھ مریض بچی کوہاٹ ہسپتال واپس ریفر کی گئی لیکن وہاں پر نیورو سرجری یونٹ نہ ہونے کی وجہ سے مریض بچی صرف آکسیجن کے سہارے بستر پر پڑی رہی بچی کے والدین کے مطابق بچی کو دوبارہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور ریفر کیا گیا
جہاں پر تین مریضوں کے انتقال کی وجہ سے بیڈ خالی ہو گئے تھے یوں تمام رات گھمانے کے بعد بچی کو صبح کے دس بجے بے ہوشی کی حالت میں دیکھ کر ایک ڈاکٹر نے داخل کروا کر علاج شروع کر دیا ہے اس سلسلے میں ایچ ایم سی کی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا لیکن ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں دیا گیا تاہم ایل آر ایچ میں بچی کا علاج شروع کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا میں 670ہاؤسنگ سکیموں کو غیر قانونی قرار دے دیاگیا