سیما حیدر سیما سچن بن گئی

بھارت بھاگنے والی پاکستانی خاتون سیما حیدر سیما سچن بن گئی

ویب ڈیسک: بھارتی نوجوان کی محبت میں گرفتار ہو کر بھارت بھاگ جانے والی پاکستانی خاتون اور 4 بچوں کی ماں سیما حیدر اب سیما سچن بن گئی۔ پاکستانی خاتون سیما حیدر جو موبائل گیم پب جی کھیلتے کھیلتے بھارتی نوجوان سچن سنگھ کی محبت میں گرفتار ہوئی اور 4 بچوں کیساتھ بھارت پہنچ گئی، سیما 10 مئی کو کراچی سے دبئی اور وہاں سے نیپال پہنچی پھر نیپال سے بس کے ذریعے نئی دہلی اور وہاں سے دوسری بس سے 13 مئی کو نووائیڈہ سچن سنگھ کے پاس پہنچ گئی، سیما کا کہنا ہے کہ سچن نے اسے اس کے چاروں بچوں سمیت اپنایا ہے۔
سیما اپنے چاروں بچوں 5 سالہ فرحان، 4 سالہ فریحہ، 2 سالہ فرح، 8 سالہ فروا کیساتھ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں مقیم تھی جبکہ اس کا شوہر غلام حیدر روزگار کے لیے سعودی عرب میں مقیم ہے، غلام حیدر نے اپیل کی ہے کہ اس کے بچے اسے واپس دلوائے جائیں۔ گھر والوں اور سسرال والوں نے مختلف انکشافات کئے ہیں۔
جیکب آباد کے گاوں لال خان جکھرانی میں سیما کے سسر امیر جان نے بتایا کہ سیما اور اس کے بیٹے غلام حیدر کی 2014 میں شادی ہوئی تھی، دونوں 2019 میں کراچی منتقل ہوگئے تھے، میں کراچی میں سیما کے گھر کے مکان مالک سے ملا تو اس نے بتایا کہ وہ گاوں جانے کا بول کر گئی ہے، وہ یہاں نہیں آئی اور وہ بھارت پہنچ گئی، گاوں میں تو سیما سندھی میں ہی بات کرتی تھی، اسے کبھی ہندی میں بات کرتے ہوئے نہیں دیکھا، ایک انٹرویو کے دوران جب سیما سے پوچھا گیا کہ پاکستان میں رہنے والوں کو اتنی اچھی ہندی نہیں آتی تو وہ اتنی اچھی ہندی کیسے بول لیتی ہیں؟ اس کے جواب میں سیما کا کہنا تھا کہ میں سچن سے بات کرتی تھی، مجھے ان کی زبان اچھی لگتی تھی تو سیکھ گئی۔ سیما کا کہنا ہے کہ اس کی عمر 27 سال ہے، اس نے 22 سالہ سچن تک پہنچنے کے لیے خیرپور میں اپنا آبائی مکان بیچ دیا تھا۔
سیما حیدر کا تعلق پاکستان کے ضلع خیرپور کی تحصیل کوٹ ڈیجی کے گاوں رند ہاجانو سے ہے۔ علاقے کے لوگوں سے پتا چلا کہ سیما حیدر کی ایک غیر شادی شدہ بہن، بھائی اور چچا اسی گاوں میں رہتے ہیں، خاندان اور رشتے داروں نے گزشتہ 13 سال سے سیما حیدر سے لاتعلقی کا اعلان کر رکھا ہے، سیما کے رشتے داروں کا اب سیما سے کوئی تعلق نہیں ہے، نا گاوں والوں کا سیما سے کوئی واسطہ ہے۔ گاوں کے لوگوں کے مطابق یہاں کی خواتین کو موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں لیکن سیما کو اداکاری کا شوق تھا، سیما گاوں کے ایک لڑکے سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن گھر والوں کے انکار پر وہ گاوں ہی چھوڑ کر چلی گئی۔ بعد میں پتا چلا کہ اس نے جیکب آباد میں غلام حیدر سے کورٹ میں پسند کی شادی کر لی، بعد میں سیما کے والد بھی اپنی بیٹی کے پاس ہی چلے گئے، گاوں والوں نے یہ بھی بتایا کہ سیما کے والد کا 8 ماہ قبل انتقال ہوا تو تدفین کے لیے میت گاوں لائی گئی لیکن سیما کو ساتھ آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

مزید پڑھیں:  بانی پی ٹی آئی کو اپنی ذات کے سوا بھی سوچنا چاہیے، بلاول