بھارت کو مذاکرات کی پیشکش

شہباز شریف نے بھارت کو پھر مذاکرات کی پیشکش کر دی

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کردی ہے۔ اسلام آباد میں منرل سمٹ سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتے ہیں۔ جنگیں مسائل کا حل نہیں۔ بات چیت سے آگے بڑھا جاسکتا ہے۔ ہمیں اپنے وسائل عوامی مفاد پر خرچ کرنا ہوں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ سے بھی بات کرنے کے لئے تیار ہے مگر شرط یہ ہے کہ ہمسایہ بھی سنجیدہ معاملات میز پر بیٹھ کر حل کرنے پر تیار ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امریکہ سے بھی باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر بہترین تعلقات چاہتا ہے، امریکہ سے ایسے تعلقات نہیں چاہتے جس میں ایک دوسرے کو دھوکہ دینے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریکوڈک منصوبہ ملکی تاریخ میں خاص اہمیت کا حامل ہے اور تھر کول دنیا میں کوئلے کے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیا ہم کسی کارٹیل یا سیاسی وجوہات کی بناء پر تذبذب کا شکار تھے، کرپشن بھی ترقی میں بڑی رکاوٹ بنی، ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر ہمیں آگے بڑھنا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کی کرپشن کو نظر انداز کیا گیا اور نیب بھی لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتا رہا، مسائل کا غیر روایتی حل دینے والے لوگ بھی نیب کا شکار ہوگئے، باتیں بہت ہوگئیں، اب اپنے عمل سے ترقی کے اہداف حاصل کرنے ہیں۔

مزید پڑھیں:  آرٹیکل 63اے کی تشریح آئین کو دوبارہ لکھنے کے مترادف ہے،عطاء تارڑ