پولیس حراست سے فرار ملزم

پشاور میں ڈکیتی اور آئس سمگلنگ میں ملوث 2 گینگز بے نقاب

ویب ڈیسک: پشاور کینٹ ڈویژن پولیس نے مہمانوں کی آڑ میں گھروں میں ڈکیتی جبکہ ایران اور افغانستان سے آئس سمگل کر کے ملک کے مختلف علاقوں میں فروخت کرنے والے 2 گینگز بے نقاب کر لئے ہیں جن سے 18 لاکھ روپے کی نقدی، موبائل فون، بھاری اسلحہ اور آئس بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ منگل کے روز تھانہ گلبرگ میں پریس کانفرنس میں ایس پی کینٹ وقاص رفیق نے بتایا کہ پشاور کے علاقوں ٹائون اور تہکال میں مہمانوں کی آڑ میں گھروں میں گھس کر اسلحہ کی نوک پر لوٹ مار کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا گیا جو موٹرکار اور موٹرسائیکلیں چھیننے کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔ مدعیاں سیاح الدین اور ندیم خان نے ٹائون پولیس کو گھر سے ڈکیتی کی رپورٹس درج کرائی تھیں۔ ملزم سلیم ولد عبدالحمید، سلمان ولد عبدالمنان اور عمران ولد وارث خان پر مشتمل گینگ میں ایک افغان باشندہ بھی شامل ہے۔ گروہ کے قبضہ سے 18 لاکھ روپے، مسروقہ گاڑی، 16 قیمتی موبائل فون، ریپٹر اور تین پستولوں سمیت وارداتوں میں استعمال ہونے والی 3 موٹرسائیکلیں بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔
اسی طرح ایس پی کینٹ وقاص رفیق نے بتایا کہ سربند پولیس نے بین الاقوامی آئس سمگلر گروہ پکڑا ہے۔ انہوں نے خفیہ اطلاع پر باڑہ قدیم چیک پوسٹ پر کارروائی کی جہاں آئس سمگلرز عقیل خان ولد یار خان اور حکیم خان کو حراست میں لیا گیا۔ ملزمان ضلع خیبر شین قمر کے رہائشی ہیں جو افغانستان اور ایران سے آئس خرید کر لاتے تھے اور بعد ازاں پنجاب، کوئٹہ کے علاوہ بیرون ملک دبئی بھی سمگل کرتے تھے۔ ملزموں کے قبضے سے پک اپ ڈبل کیبن گاڑی برآمد کی گئی جس کے ذریعے وہ آئس ملک کے مختلف شہروں کو سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ گاڑی کے خفیہ خانوں سے 2 کلوگرام آئس برآمد کرکے ملزموں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  لبنان، پیجرز اور واکی ٹاکی دھماکوں میں شہداءکی تعداد 37 تک جا پہنچی