پشاور میں مزید سرمایہ کاری بند

ہوشرباء مہنگائی، پشاور میں مزید سرمایہ کاری کا راستہ بند

ویب ڈیسک: مسلسل بڑھتی مہنگائی کے باعث پشاور کے کئی بازاروں میں کاروبار مندی کا شکار ہوگیا ہے جس کی وجہ سے تاجروں کو لاکھوں روپے کرایہ اور ہزاروں روپے کے بجلی اور گیس کے بلوں کی ادائیگی بھی ناممکن ہو گئی ہے۔ اس صورتحال کے نتیجے میں صدر اور اندرون شہر تاجروں نے کاروبار چھوڑتے ہوئے دکانوں پر کرایہ کیلئے خالی ہے کے بورڈز لگا دئیے ہیں، جبکہ مختلف برانڈز کی دکانیں بھی مختلف مسائل کی وجہ سے ملک کے دوسرے حصوں کو منتقل کردی گئی ہیں۔
اس وقت پشاور کے کئی بازاروں میں درجنوں کی تعداد میں دکانیں خالی پڑی ہیں اور کوئی اسے کرایہ پر لینے اور کاروبار شروع کرنے کیلئے تیارنہیں اور جو لوگ فی الحال کاروبار کررہے ہیں ان تاجروں کو بھی مہنگائی میں مسلسل اضافہ کی وجہ سے اپنا کاروبار جاری رکھنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں درجنوں کی تعداد میں سیلزمین وغیرہ کی ملازمتیں ختم ہونے کی بھی شکایات ہیں۔ تاجروں کے مطابق بجلی اور گیس کے اخراجات کے ساتھ ساتھ کرایہ وغیرہ میں اضافہ ہوا ہے جبکہ سامان کی خریداری بھی پرانے نرخ پر مشکل ہوگئی ہے۔ زیادہ تر تاجروں کے پاس ڈیلرز کو ادائیگیوں کے لئے بھی پیسے نہیں بچے ہیں اور سرمایہ کاری کا رجحان ختم ہو رہا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی جانب سے بھی کوئی ریلیف نہیں دیا گیا ہے جس کی وجہ سے آئندہ ہفتوں کے دوران شہر میں مزید درجنوں کاروباری اپنا سرمایہ کاروبار سے اٹھالیں گے جس سے بیروزگاری کی شرح میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

مزید پڑھیں:  تحریک انصاف جلسہ ختم، ساؤنڈ سسٹم اور لائٹس بند، شرکاء لوٹنے لگے